خبریں

چارہ گھوٹالہ معاملہ:جگن ناتھ مشرا بری ،لالو یادو کو ہوئی سزا

لالو پرساد یادو نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ؛ نہ زور چلے گا لاٹھی کا ، لالو لال ہے ماٹی ہے۔بہار کے نائب وزیراعلیٰ نے  ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ؛جو بویا وہ پایا !بویا پیڑ ببول کا تو آم کہا سے ہوئی ۔یہ تو ہونا ہی تھا۔

Photo : PTI

Photo : PTI

نئی دہلی: اربوں روپے کے چارہ گھوٹالے سے متعلق ایک معاملے میں آج سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرسادیادو سمیت سولہ ملزمین کو قصور وار قرار دیا ہے ۔ جب کہ سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ سمیت چھ دیگر کو بری کردیا۔

سی بی آئی کے خصوصی جج شیو پال سنگھ نے معاملے کی سماعت کے بعد مسٹر یادو سمیت سولہ ملزمین کو قصوروار قرار دیا جب کہ سابق وزیر اعلی جگن ناتھ مشرا ، مویشی پروری کے سابق وزیر ودیا ساگرنشاد، پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اس وقت کے چیرمین دھرو بھگت کے علاوہ اے سی چودھری، سرسوتی چندرا اور سادھنا سنگھ کو شواہد کے فقدان میں بری کردیا۔

سزا پر سماعت کے لئے عدالت نے تین جنوری 2018 کی تاریخ مقرر کی ہے۔چارہ گھوٹالے کا یہ معاملہ غیر منقسم بہار کے دیو گھر ٹریزری سے 89 لاکھ 27ہزار روپے غیر قانونی طورپر نکالنے کا ہے۔

سال 1990سے 1994 کے درمیان دیو گھر ٹریزری سے 89لاکھ 27ہزار روپے فرضی طریقے سے جانوروں کے چارہ کے نام پر نکالنے کے اس معاملے میں مجموعی طورپر 38افراد ملزم بنائے گئے تھے۔ جن کے خلاف سی بی آئی نے 27اکتوبر 1997کو مقدمہ درج کیا تھا ۔اس مقدمہ میں مسٹر یادو ، سابق وزیر اعلیٰ مسٹر مشرا، بہار کے سابق وزیر ودیاساگر نشاد، پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اس وقت کے چئیرمین جگدیش شرما اور دھرو بھگت، آر کے رانا،آئی اے ایس کے تین افسران پھول چندسنگھ، بیک جولیس اور مہیش پرساد، ٹریزی کے افسر ایس کے بھٹاچاریہ ، ویٹرنری ڈاکٹر کے کے پرساد اور بقیہ چارہ سپلائی کرنے کے ملزمین تھے۔
معاملے کے 38ملزمین میں سے گیارہ کی موت ہوچکی ہے اور تین سی بی آئی کے گواہ بن گئے تھے جب کہ دو نے اپنا گناہ قبول کرلیا تھا ۔ اس کے بعد انہیں 2006-07میں سزا سنادی گئی تھی۔

واضح ہو کہ چارہ گھوٹالے کے ایک معاملے میں چائباسہ ٹریزری سے 37کروڑ ستر لاکھ روپے غیر قانونی طریقے سے نکالنے کے چارہ گھپلے کے ایک دوسرے معاملے میں آر جے ڈی صدر کو سزا ہوچکی ہے۔

Lalu_Tweets

دریں اثنا لالو پرساد یادو نے کئی ٹوئٹ کیے ہیں اور کہا ہے کہ وہ مرتے دم تک لڑتے رہیں گے۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ مرتے دم تک وہ سماجی انصاف کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔
مسٹر یادو نے ایک کے بعد کئی ٹوئٹ کرکے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے لکھا ’ بے وقوف بی جے پی اپنی جملہ بازی اور کارگذاریوں کو چھپانے اور ووٹ حاصل کرنے کے لئے اپوزیشن کے عوامی امیج کو بگاڑنے کے لئے سیاست میں غیر اخلاقی اور نفرت کے جذبات سے مغلوب ہوکر گندا کھیل کھیلتی ہے۔ جھوٹے جملے گڑھنے والوں سچ اپنی ضد پر کھڑا ہے۔ دھرم یدھ میں لالو اکیلا نہیں ہے پورا بہار ساتھ میں کھڑا ہے۔‘‘
آر جے ڈی صدر نے اپنے معروف انداز میں کہا کہ ’’ اے سنو، کان کھول کر، آپ اس گدڑی کے لال کو پریشان کرسکتے ہو ، مغلوب نہیں۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹ انہوں نے کہاکہ ’’سامراجی طاقتو! جانتا ہوں کہ لالو تمہاری راہوں کا کانٹا نہیں بلکہ آنکھوں کی کیل ہے۔ لیکن اتنی آسانی سے نہیں اکھاڑ سکو گے۔ نہ زور چلے گا لاٹھی کا ، لالو لال ہے ماٹی ہے۔‘‘

مسٹر یادو نے شاعرانہ انداز میں کہا’ساتھ ہر بہاری ہے، اکیلا سب پر بھاری ہے۔ سچ کی رکشا کرنے کو ، لالوکا سنگھرش جاری ہے۔ مرتے دم تک سماجی انصاف کی لڑائی لڑتا رہوں گا۔ جگدیو بابو نے گولی کھائی، ہم جیل جاتے رہتے ہیں، لیکن میں جھکوں گا نہیں، لڑتے لڑتے مر جاوں گا لیکن منووادیوں کو ہراؤں گا۔‘‘مسٹر یادو نے کہا کہ ’ملک کے انصاف پسند اور امن پسند ساتھیوں ہر سازش سے بچنا ہوگا۔ ہر حال میں لڑنا ہوگا۔ کامیابی کی شاہراہ پر چلنا ہوگا۔ جے ہند‘‘۔

بہار کے نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی نے بھی کئی ٹوئٹ کیے اور لکھا ہے کہ ؛جو بویا وہ پایا !بویا پیڑ ببول کا تو آم کہا سے ہوئی ۔یہ تو ہونا ہی تھا۔

(خبررساں ایجنسی یواین آئی کے ان پٹ کے ساتھ)