خبریں

یوگی حکومت نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف مقدمہ واپس لینے کا حکم دیا

سال 1995 کے ایک معاملے میں  وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر شیو پرتاپ شکلا، بی جے پی ایم ایل اے شیتل پانڈےاور 10 دوسرے لوگوں کے خلاف گورکھپور ضلع‎ کے پی پی گنج تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :اتر پردیش میں’ یوپی کوکا‘ نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ریاستی حکومت نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف درج ایک مقدمہ واپس لینے کا حکم دیا ہے۔1995 میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، شیو پرتاپ شکلا (مرکزی  وزیر مملکت )، شیتل پانڈے (بی جے پی رکن پارلیامنٹ) اور دس دوسرے لوگوں پرحکم امتناعی کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

روز نامہ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، معاملہ گورکھ پور ضلع کے پی پی گنج تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ مقامی عدالت میں زیر سماعت اس مقدمہ میں اس سے پہلے کورٹ میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے تمام ملزمین کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

 Prosecuting officer بی ڈی مشرا نے بتایا، ‘ معاملے کے تمام نامزد ملزمین کے خلاف کورٹ نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت دی تھی، لیکن ان کو کبھی جاری نہیں کیا گیا۔ ‘رپورٹ کے مطابق، گزشتہ20 دسمبر کو اتر پردیش حکومت نے گورکھپور ضلع مجسٹریٹ کو ایک خط بھیجا ہے جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ اس معاملے کو رد کرنے کے لئے کورٹ میں اپیل کی جائے۔

اس آرڈر لیٹر میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر کو ضلع مجسٹریٹ سے ملے ایک خط اور معاملے سے متعلق حقیقتوں کی جانچ‌کی بنیاد پر یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ اس معاملے کو واپس لے لیا جائے۔ریاستی حکومت کی طرف سے بھیجے گئے اس حکم نامہ میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، شیو پرتاپ شکلا، شیتل پانڈے اور 10 دوسرے لوگوں کے ناموں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں گورکھپور کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (سٹی) رجنیش چندر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مقدمہ رد کرنےکے تعلق سے کورٹ میں اپیل کرنے کا حکم ملا ہے۔رجنیش چندر نے بتایا، ‘ استغاثہ سے متعلق عدالت میں مقدمہ ردکرنے کے لئے اپیل کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس حکم نامہ میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ، مرکزی وزیر شیو پرتاپ شکلا اور بی جے پی ایم ایل اے شیتل پانڈے کا نام ہے۔ ‘

پی پی  گنج پولیس اسٹیشن میں درج رپورٹ کے مطابق، آئی پی سی کی دفعہ 188 (قانونی طور پر جاری کسی حکم کا کسی سرکاری ملازم کے ذریعے خلاف ورزی کرنا) کے تحت یوگی آدتیہ ناتھ اور 12 دیگر کے خلاف پی پی گنج قصبے میں ضلع مجسٹریٹ کے ذریعے حکم امتناعی نافذ کئے جانے کے باوجود جلسہ کرنے پر 27 مئی 1995 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں Prosecuting officer بی ڈی مشرا نے کہا، ‘ معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد مقامی عدالت میں الزامات سے متعلق دستاویز ضلع انتظامیہ نے داخل کئے تھے۔ عدالت نے تمام ملزمین کے خلاف سمن جاری کیا تھا لیکن ملزمین نے جب کوئی جواب نہیں دیا تو تقریباً دو سال پہلے عدالت نے ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ ‘

مشرا نے آگے کہا، ‘ کیس ردکرنے سے متعلق ریاستی حکومت کا حکم نامہ مجھے مل چکا ہے۔ سردی کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد ہم عدالت سے مقدمہ واپس لینے کی اپیل کریں‌گے۔ ‘

انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں مرکزی وزیر شیو پرتاپ شکلا نے کہا، ‘ میں نے جلسہ نہیں بلایا تھا۔ یہ معاملہ 22 سال پرانا ہے۔ مجھے میرے خلاف کوئی مقدمہ ہونے یا غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے تعلق میں کوئی معلومات نہیں ہے۔ ‘ وہیں بی جے پی ایم ایل اے شیتل پانڈے کے بیٹے دگمبر نے کہا کہ 1995 میں پی پی گنج تھانے میں درج معاملے میں ان کے والد کا نام تھا۔