امت شاہ نے کہا کہ 28 دسمبر کا دن ہندوستانی تاریخ میں سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا۔ سماج پارٹی کے رما شنکر راج بھر نے کہامسلم خواتین کی فکر کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہندو عورتوں کے لئے اپنا منصوبہ بتانا چاہیے۔
نئی دہلی :تین طلاق پر قانون سازی کے اقدام کو مرکزکی مودی سرکار کا انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ نے آج دعویٰ کیا کہ مسلم خواتین کو اس سماجی عذاب سے نجات ملے گا اور اس سے ان کا وقار بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ تین طلاق پر قانون بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ ہے اور اس فیصلے کا مسلم طبقہ کی خواتین نے کھلے دل سے خیرمقدم کیا ہے۔یہ قانون مسلم خواتین کو تین طلاق کے عذاب سے نجات دلائے گا۔مسٹر امت شاہ نے کہا کہ 28 دسمبر کا دن ہندوستانی تاریخی میں سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا۔
ہندو عورتوں کے لئے بھی بی جے پی بتائے اپنامنصوبہ:راج بھر
دریں اثنا سماج پارٹی کے جنرل سکریٹری رما شنکر راج بھر نے آج کہا کہ طلاق کی مار جھیل رہی دو لاکھ مسلم خواتین کی فکر کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح کرنا چاہئے کہ ان کی حکومت کے پاس تقریباً اٹھارہ لاکھ طلاق شدہ ہندو خواتین کی حالت سدھارنے کے لئے کیا منصوبہ ہے۔مسٹر راج بھر نے آج یہاں یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب کو ملا کر تقریباً بائیس لاکھ طلاق شدہ خواتین ہیں جس میں مسلم خواتین کی تعداد صرف دو لاکھ ہے جب کہ اٹھارہ لاکھ ہندو خواتین طلاق کا شکار ہیں۔
ان خواتین کو مذہبی تقریبات میں شامل ہونے تک کا حق نہیں ہے۔ شوہروں کی ٹھکرائی گئی ان خواتین کو زمین جائیداد سے بے دخل کردیا گیا ہے اور آج یہ اپنے حق کے لئے در در کی ٹھوکریں کھارہی ہیں۔ بی جے پی کب ان خواتین کی خبر لے گی۔ یہ سوال لوگوں کے ذہنوں میں گھوم رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ووٹ کے لئے عوام کو الو بناتی رہی ہے ۔ ریاست میں قانون و انتظام نام کی کوئی چیز نہیں رہ گئی ہے۔ ریاستی حکومت صرف گائے کے گوبر میں الجھ کر بڑی بڑی باتیں کررہی ہے۔
(خبررساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں