وزیر اعظم مودی کے نام لکھے اس خط میں سابق نوکرشاہوں نے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے روزمرہ کے امتیازی سلوک کی طرف اشارہ کیا ہے۔
نئی دہلی :ہندوستان میں اقلیتی کمیونٹی کے لوگوں پر ہو رہے حملوں کے خلاف ملک کے سابق نوکرشاہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھکر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو لکھے گئے خط میں اقلیتوں پر ہوئے پانچ تشدد کے واقعات کے ساتھ الور میں ہوئے پہلو خان واقعہ کا بھی ذکر کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق وزیر اعظم کے نام اس خط پر کل 67 سابق نوکرشاہوں نے دستخط کئے ہیں۔ دستخط کرنے والوں میں سابق صحت سکریٹری کیشو دیسی راجو، کے سجاتا راؤ، وزارت اطلاعات و نشریات کے سابق سکریٹری بھاسکر گھوش، سابق چیف انفارمیشن کمشنر وجاہت حبیب اللہ، سابق آئی ٹی سکریٹری برجیش کمار کے علاوہ سماجی کارکن ہرش مندر اور ارونا رائے بھی شامل ہیں۔
میڈیا میں آئی مسلمان کمیونٹی کو پراپرٹی نہ بیچنے یا ان کو کرایہ دار نہ رکھنے کی خبروں کا ذکر کرتے ہوئے ان سابق نوکرشاہوں نے کہا، ‘روزانہ ایسے کئی واقعات میں مسلمان ایسی باتوں کا سامنا کرتے ہیں، جس سے اس مذہبی اقلیتوں کے ماحول میں غصہ بڑھنا طے ہے، جس سے پہلے سے ہی زہر بھرا ماحول اور خراب ہوگا۔ ‘
خط میں مدھیہ پردیش کے ستنا میں ہوئےایک واقعہ کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جہاں گلوکاروں کی ایک ٹیم کو ‘ کیرول ‘ (کرسمس پر گائے جانے والا گانا) گانے سے روک دیا گیا تھا۔
Categories: خبریں