خبریں

ضمنی انتخابات سے دو دن قبل،جیتن رام مانجھی مہاگٹھ بندھن میں شامل

دو دن پہلے مانجھی نے مارچ میں ہونے والے راجیہ سبھا کی 6 سیٹوں کے انتخاب کے لئے بہار سے اپنی پارٹی کے ایک آدمی کو این ڈی اے امیدوار بنائے جانے کی مانگ کی تھی۔

Photo:PTI

Photo:PTI

پٹنہ : بہار کے سابق وزیراعلیٰ اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے رہنما جیتن رام مانجھی نے بدھ کو راشٹریہ جن تانترک گٹھ بندھن(راجگ) کا ساتھ چھوڑ دیا ہے اور مہا گٹھ بندھن  کا دامن تھام لیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ راجگ میں ان کو ترجیح نہیں مل رہی تھی جس کو لےکر وہ کافی دنوں سے ناراض چل رہے تھے۔  وہ وقت وقت پر اس کو لےکر اپنی ناراضگی بھی ظاہر کر چکے تھے۔  یہی نہیں، انہوں نے کئی مدعوں پر مرکز اور ریاستی حکومت کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا تھا۔

مانجھی نے گزشتہ دنوں جہان آباد ضمنی انتخاب میں ٹکٹ نہ ملنے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انتخابی تشہیر نہ کرنے کی بات کہی تھی۔واضح  ہو کہ راجگ میں اہمیت نہ ملنے سے ناراض مانجھی نے پچھلے ہفتے آئندہ 23 مارچ کو بہار سے راجیہ سبھا کی 6 سیٹوں کے لئے ہونے والے انتخاب میں اپنی پارٹی کے ایک آدمی کو راجگ کا امیدوار اعلان کئے جانے کی مانگ کی تھی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ اگر راجگ قیادت ان کی مانگ نہیں مانتی ہے تو ان کی پارٹی کے رہنما اور کارکن بہار میں 11 مارچ کو ارریا پارلیامانی سیٹ اور جہان آباد اور بھبھوا اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب کے لئے تشہیر نہیں کریں‌گے۔

دوسری طرف ایسا بتایا جا رہا ہے کہ راجد کی طرف سے لگاتار مانجھی کو این ڈی اے چھوڑ  کر مہاگٹھ بندھن  میں شامل ہونے کا آفر دیا جا رہا تھا۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق مانجھی نے بدھ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ راجگ سے الگ ہو گئے ہیں۔  تیجسوی نے کہا کہ ان کو مانجھی کے مہاگٹھ بندھن  میں آنے کی خوشی ہے۔

تیجسوی نے یہ پوچھے جانے پر کہ مانجھی کو راجگ میں جو عزت نہ ملنے کی بات کہی جا رہی ہے، وہ کیامہاگٹھ بندھن میں آنے پر ان کو ملے‌گی، جواب دیا کہ جو باتیں ان سے ہوئی ہیں وہ ان کے باضابطہ گٹھ بندھن میں شامل ہونے کے وقت پریس کانفرنس میں بتا دی جائیں‌گی۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس اتحاد کا باقاعدہ اعلان کیا جائے‌گا۔

اس سے پہلے بہار کی سابق وزیراعلیٰ اور آر جے ڈی  رہنما رابڑی دیوی نے بدھ کی صبح جیتن رام مانجھی سے ملاقات کی تھی۔  اسی ملاقات کے بعد ہندوستانی عوام مورچہ صدر نے راجگ سے ناتا توڑ دیا ہے۔مانجھی نے رابڑی دیوی سے ملاقات کے بعد میڈیا کے سامنے آکر اس بارے میں اعلان کیا۔ اس دوران سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو اور سابق وزیرِ صحت تیج پرتاپ یادو بھی ان کے ساتھ رہے۔تیجسوی نے کہا کہ مانجھی ہمارے ماں باپ کے پرانے دوست ہیں۔  ہم ان کا استقبال کرتے ہیں۔