خبریں

مشہور صوفی گلوکار پیارےلال وڈالی کا انتقال 

پنجابی صوفی موسیقی کی دنیا میں بےحد مقبول  تھے پیارےلال وڈالی۔  اپنے بھائی پورن چند وڈالی کے ساتھ مل‌کر ‘ تو مانے یا نہ مانے ‘ جیسے کئی مقبول  نغمے گا چکے تھے۔

وڈالی برادرس پیارےلال وڈالی (دائیں) اور پورن چند وڈالی (بیچ میں)۔  (فوٹو یوٹیوب)

وڈالی برادرس پیارےلال وڈالی (دائیں) اور پورن چند وڈالی (بیچ میں)۔  (فوٹو یوٹیوب)

امرتسر : پنجابی صوفی موسیقی کی دنیا میں بےحد معروف اورمقبول  پیارےلال وڈالی کا دل کا دورہ پڑنے کے بعد جمعہ کو انتقال ہوگیا۔  وہ اپنے بھائی کے ساتھ مل‌کر ‘ وڈالی برادران ‘ کے نام سے مشہور تھے۔ان کی عمر 75 سال تھی۔

وڈالی نے اپنے بڑے بھائی پورن چند وڈالی کے ساتھ مل‌کر کئی مقبول گانے گائے جس میں ‘ تو مانے یا نہ مانے ‘ اورتنو ویڈس منو کا ‘ رنگریز میرے ‘ قابل ذکر ہیں۔

ان کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد سوموار کو امرتسر کے ہسپتال میں بھرتی کروایا گیا تھا۔  ان کی حالت بگڑنے کے بعد ان کو وینٹلیٹر پر رکھا گیا لیکن ان کی صحت میں بہتری نہیں آئی۔پسماندگان  میں ان کی بیوی، دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔  وڈالی اور ان کے بھائی کو ریاستی اور قومی سطح پر کئی انعامات سے نوازا جا چکا  ہے۔

وڈالی برادرس؛پیارےلال وڈالی (دائیں) اور پورن چند وڈالی (بائیں)۔  (فوٹو پی ٹی آئی)

وڈالی برادرس؛پیارےلال وڈالی (دائیں) اور پورن چند وڈالی (بائیں)۔  (فوٹو پی ٹی آئی)

گلوکارہ رچا شرما نے وڈالی کے انتقال  کی خبر کو موسیقی کی دنیا کے لئے بےحد تکلیف دہ دن بتایا ہے۔انہوں نے کہا، ‘ میوزک انڈسٹری  اور مداحوں کے لئے ایک بری خبر! پیارےلال وڈالی ہمارے درمیان نہیں رہے… خدا ان کی روح کو سکون عطا کرے۔ ‘

صوفی گلوکارہ ہرش دیپ کور نے ٹوئٹ کیا، ‘ موسیقی کی دنیا کے لئے بےحد بری خبر ، یقین نہیں ہو رہا کہ پیارےلال وڈالی جی اب ہمارے درمیان نہیں رہے ان کی موسیقی ہمیشہ زندہ رہے‌گی۔  ‘

شرومنی اکالی دل کے صدر سکھ بیر سنگھ بادل نے بھی گلوکار کی موت پر غم کا اظہار کیا۔انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ‘ وڈالی برادران کے پیارےلال وڈالی کی موت کی خبر سے غم زدہ ہوں۔  وہ صوفی موسیقی کی علامت تھے۔  موسیقی کی دنیا کے لئے یہ ناقابلِ تلافی  نقصان ہے۔  میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ ان کو  سکون ملے۔  ‘