سپریم کورٹ میں معاملے کی سی بی آئی جانچ اور متاثرہ کو معاوضہ دینے کی مانگ سے متعلق عرضی دائر کی گئی ہے۔
نئی دہلی : اناؤ میں بی جے پی ایم ایل اے کے ذریعے لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر ریپ کئے جانے اور مذکورلڑکی کے والد کی عدالتی حراست میں موت کی جانچ کے لئے اسپیشل جانچ ایجنسی (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر) آنند کمار نے منگل کو کہا، ‘ ایس آئی ٹی اس معاملے سے جڑے تمام پہلوؤں کی تفتیش کرےگی۔ ‘ادھر ریپ کے ملزم ایم ایل اے کے بھائی اتل سنگھ سینگر کو منگل کی صبح اناؤمیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اتل پر مبینہ طور پر ریپ اورمتاثرہ لڑکی کے والد کے ساتھ مارپیٹ کا الزام ہے۔ریاستی پولیس ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر کرائم برانچ کے ایک دستہ نے اتل کو گرفتار کیا۔ 18 سالہ متاثرہ کا الزام ہے کہ ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر اور اس کے بھائیوں نے اس کا ریپ کیا ہے۔
حالانکہ، بی جے پی ایم ایل اے نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے اس کو اپوزیشن کی سازش بتایا۔ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں ابھی تک کسی کو کلین چٹ نہیں دی گئی ہے۔ متاثرہ کے والد کی سوموار کو اناؤ میں حراست میں موت ہو گئی۔ لڑکی کا الزام ہے کہ ایم ایل اے کے اشارے پر اس کے والد کا جیل میں قتل کیا گیا ہے۔کمار نے بتایا کہ ایس آئی ٹی کی قیادت ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل (لکھنؤ زون) کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سپرنٹنڈنٹ (کرائم برانچ) ایس آئی ٹی کے ممبر ہوںگے۔ ایس آئی ٹی معاملے کے متفرق پہلوؤں کی تفتیش کرےگی، جس کے بعد قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
اناؤ کے چیف میڈیکل آفیسر ایس پی چودھری نے بتایا کہ متاثرہ کے والد کی موت ممکنہ صدمے اور Septicemia کی وجہ سے ہوئی۔ اس سوال پر کہ کیا اذیت کی وجہ سے موت ہوئی ہے، کمار نے کہا کہ یہ سب کیسے ہوا اور کہاں ہوا، یہ عدالتی تفتیش کا موضوع ہے۔اناؤ کی پولیس سپرنٹنڈنٹ پُشپانجلی دیوی کے مطابق لڑکی کے والد کو آٹھ اپریل کوڈسٹرکٹ جیل سے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران سوموار کو ان کی موت ہو گئی۔پپو کی پٹائی کے معاملے میں چار اپریل کو درج ایف آئی آر میں چار لوگ نامزد ہیں۔ پولیس ان چاروں سونو، بوا، ونیت اور شیلو کو گرفتار کر چکی ہے۔ شکایت لڑکی کی ماں نے درج کرائی تھی۔
ریپ کا شکار ہوئی لڑکی کے والد کو پانچ اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ایم ایل اے کے بھائی نے مبینہ طور پراس کی پٹائی کی تھی۔ ماکھی تھانہ انچارج اشوک کمار سنگھ اور پانچ دیگر پولیس اہلکاروں کو ابتک معطل کیا جا چکا ہے۔دراصل یہ معاملہ اس وقت روشنی میں آیا جب متاثرہ نے اپنی فیملی کے ساتھ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ کے سامنے خودسوزی کی کوشش کی تھی۔ اسی بیچ متاثرہ کے والد کی پولیس حراست میں موت ہو گئی۔
این ڈی ٹی ویکے مطابق، سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر کے اس پورے معاملے کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کی مانگ کی گئی ہے۔ یہ عرضی وکیل ایم ایل شرما نے داخل کی ہے۔ عرضی میں مانگ کی گئی ہے کہ لڑکی کو معاوضہ دیا جائے ساتھ ہی لڑکی اور اس کی فیملی کو تحفظ فراہم کی جائے۔
عرضی میں کہا گیا کہ الزام حکمراں پارٹی کے ایم ایل اے پر لگایا گیا ہے۔ اس لئے پولیس اس معاملے میں غیر جانبدارانہ تفتیش نہیں کرےگی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ کے والد کی موت پولیس ٹارچر سے ہوئی ہے اس لئے معاملے کی تفتیش سی بی آئی سے کرائی جائے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں