خبریں

فیک نیوز پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے پرشانت بھوشن نے مدھو کشور کے خلاف کیس درج کرایا

سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے  مدھو کشور کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ؛ ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کرنے کا وقت آگیا ہے۔

مدھو کشور اور پرشانت بھوشن (فوٹو:فیس بک /رائٹرس)

مدھو کشور اور پرشانت بھوشن (فوٹو:فیس بک /رائٹرس)

نئی دہلی :سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے سماجی کارکن اور قلمکار مدھو کشور کے خلاف جھوٹے انفارمیشن ٹوئٹ کرنے کو لے کرشکایت درج کرائی ہے۔پرشانت بھوشن نے ٹوئٹ کر کے یہ جانکاری دی ہے ۔ ان کے مطابق مدھو کشور اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے جھوٹی اور غلط جانکاری شیئر کرتی ہیں۔پرشانت بھوشن نے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ مسلسل فیک نیوز پھیلانے، فرقہ وارانہ نفرت اور تشدد کو ہوا دینے والے ٹوئٹ کرنے پر مدھو کشور کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153اے ،295 اے اور 505 کے تحت شکایت درج کرائی ہے۔

اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے یہ جانکاری دیتے ہوئے پرشانت بھوشن نے لکھا؛ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کرنے کا وقت آگیا ہے۔

اپنی شکایت میں پرشانت بھوشن نے کہا کہ مدھو کشور کے ٹوئٹ فرقہ وارانہ نفرت کو اکسانے والے ہیں،انہوں نے14اپریل کو کٹھو اریپ اور قتل معاملے کو لے کر مدھو کشور کے ٹوئٹر ہینڈل سے کیے گئے ٹوئٹ کا ذکر بھی کیا ہے۔غور طلب ہے کہ مدھو کشور اس سے پہلے بھی کئی بار اپنے متنازعہ ٹوئٹ کو لے کر سرخیوں میں رہی ہیں ۔ابھی کچھ دن پہلے ہی پدماوت تنازعہ کے وقت مدھو کشور نے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں گروگرام میں ہوئے تشدد کے لیے ایک خاص کمیونٹی کے لوگوں کے پکڑے جانے کی بات کی تھی ۔لیکن یہ خبر فرضی نکلی اور انہوں نے معافی مانگی۔ اس سے پہلے کشمیر میڈیا پر کچھ ٹوئٹ کیے تھے ،جس پر کشمیر کے ایک اخبار کے چیف ایڈیٹر سعید شجاعت بخاری نے ان کے خلاف ہتک عزت کا معاملہ درج کرایا تھا۔