خبریں

آسام میں ISIS کے جھنڈے  لگانے کے الزام میں 6 بی جے پی کارکن گرفتار

گزشتہ دنوں آسام میں  دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کے مبینہ جھنڈے  دو جگہ ملے تھے۔

فوٹوبشکریہ : اے این آئی

فوٹوبشکریہ : اے این آئی

نئی دہلی : آسام پولیس نے گزشتہ دنوں آئی ایس آئی ایس کے جھنڈے  لگانے سے متعلق پوچھ تاچھ کے لئے 6 لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ تمام بی جے پی سے جڑے ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 مئی کی رات ، پولیس نے اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے نلباڑی ضلع کے بیلسور علاقے سے بی جے پی کے ان ممبروں کو آئی ایس آئی ایس کے جھنڈے لگانے میں ہاتھ ہونے کے شک میں گرفتار کیا۔ان لوگوں کی پہچان تپن برمن، دوپ جیوتی ٹھکریا، سوروجیوتی بیشیہ، پولک برمن، مزمل علی اور مون علی کے طور پر کی گئی ہے۔

ان میں سے تپن برمن کانگریس کے سابق کاؤنسلر  ہیں، جو حال ہی میں بی جے پی سے جڑے ہیں اور اس وقت اس کی ضلع کمیٹی کے ممبر ہیں۔واضح ہو کہ 3 مئی کو نلباڑی ضلع‎ میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کا مبینہ جھنڈا ایک درخت سے بندھا ملا۔ اس پر لکھے پیغام میں لوگوں سے اس گروہ میں ‘ شامل ہونے ‘ کو کہا گیا ہے۔

 کوئہاٹی میں ایک کھیت میں درخت سے بندھے اس جھنڈے  کو مقامی لوگوں نے دیکھا اور اس بارے میں بیلسور تھانے میں اس کی اطلاع دی۔اس کے بعد پولیس نے جھنڈے  کو ہٹا دیا۔ کالے رنگ‌کے اس جھنڈے  پر سفید حروف میں ‘ آئی ایس آئی ایس میں شامل ہوں ‘ لکھا تھا۔ اس پر عربی زبان کے بھی کچھ لفظ لکھے تھے۔اس سے پہلے 2 مئی کو گولپاڑا ضلع‎ میں گولپاڑا شہر پولیس چوکی کے پاس ایک ندی کے کنارے اسی طرح کے 6 جھنڈے  ملے تھے۔ ان جھنڈوں  پر ‘ آئی ایس این ای ‘ لکھا تھا۔