خبریں

کرناٹک : جے ڈی ایس کا بی جے پی پر الزام،’ 100 کروڑ میں ایم ایل اے خریدنے کی کوشش‘

جنتا دل (سیکولر )کا بی جے پی پر بڑاالزام ،کہا؛ بی جے پی نے جےڈی ایس کے ایم ایل اے کو خریدنے کے لیے 100 کروڑ روپے کی پیش کش کی ہے ۔

Karnataka-elections-1024x475

نئی دہلی:جنتا دل (سیکولر )کے لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی نے بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ بی جے پی نے جےڈی ایس کے ایم ایل اے کو خریدنے کے لیے 100 کروڑ روپے کی پیش کش کی ہے ۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ایم ایل اے کو بی  جے پی کی طرف سے یہ لالچ دیا جارہا ہے کہ اگر وہ ان کی حمایت کرتے ہیں تو ان کو کابینہ میں بھی جگہ دی جائے گی۔کمار سوامی نے بی جے پی کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے ایم ایل کو توڑنے کی کوشش کی گئی تو وہ بی جے پی کے دوگنے ایم ایل اے توڑ لیں گے۔

غور طلب ہے کہ جے ڈی ایس کے ایم ایل اے کی میٹنگ میں کمار سوامی کو لیڈر چنا گیا تھا۔میٹنگ کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس میں  بی جے پی پرالزام لگایا کہ وہ ان کے  ایم ایل اے کو 100کروڑ روپے اور کابینہ میں جگہ دینے  کا لالچ دے رہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آئے ہیں اور کیا یہ بلیک منی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے 15لاکھ کے وعدے کو نبھانے کے لیے حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں لیکن ایم ایل اے کو خریدنے کے لیے ہیں۔

دریں اثناخبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق نومنتخب کانگریسی ایم ایل اے کی میٹنگ میں کانگریس کے 78میں سے 66 ایم ایل اے میٹنگ میں حصہ لینے پہنچے ہیں۔

بی جے پی کے ذریعے جے ڈی ایس کے ایم ایل اے کو خریدے جانے کی بات خارج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ آپریشن کمل’ کامیاب تو دور، بی جے پی کے ایم ایل اے ،جے ڈی ایس کےسپورٹ میں ہیں۔انھوں نے بی جے پی کو چیلنج تک دے ڈالا کہ اگر ان کے 10 ایم ایل اے توڑنے کی کوشش کی گئی تو وہ بی جے پی کے 20 ایم ایل اے توڑ لیں گے۔ انھوں نے گورنر سے بھی ہورس ٹریڈنگ نہ ہو، یہ دھیان میں رکھتے ہوئے فیصلہ کرنے کی بات کہی۔ ساتھ ہی کرناٹک بی جے پی ان چارج پرکاش جاویڈکر سے ملنے کی بات سے انکار کرتے ہوئے انھوں نے الٹا سوال کر دیا کہ کون ہیں پرکاش جاویڈکر۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ گورنر سے گزارش کریں گے کہ انہیں حکومت بنانے کا موقع دیا جائے  ،اور اگر گورنر نے ان کی بات نہیں مانی تو وہ ایک ہفتہ انتطار کرلیں گے ۔ان کو کوئی جلدی نہیں ہے ۔کمار سوامی نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر ملک کے آئینی اداروں میں دخل دینے کا بھی الزام لگایا ہے۔