خبریں

سماجوادی پاڑی کے رہنما نے کہا، جسم کی نمائش ریپ کے لئے ذمہ دار

سماجوادی پارٹی کے  جنرل سکریٹری رما شنکر ودیارتھی نے  لڑکیوں کے ساتھ ہو رہے ریپ کا ذمہ دار ان کے پہناوے کو بتایا ہے۔

نئی دہلی: سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کے آئے دن متنازعہ بیان آتے رہتے ہیں ۔ ایسا ہی ایک متنازعہ بیان سماجوادی پارٹی کے  جنرل سکریٹری رما شنکر ودیارتھی نے دیا ہے۔ انھوں نے لڑکیوں کے ساتھ ہو رہے ریپ کا ذمہ دار ان کے پہناوے کو بتایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو ایسے کپڑے پہننے چاہیے ، جس میں عریانیت نہ دکھے۔انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں بڑھ رہے ریپ اور استحصال کے واقعات کے پیچھے کی وجہ موبائل فون اور انٹرنیٹ ہیں۔

نو بھارت ٹائمس کے مطابق ،اتر پردیش کے بلیا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عورت اور مرد کی بناوٹ ایسی دی ہےکہ اسی حساب سے کپڑے پہننے چاہیے،جس سے عریانیت نہ دکھے۔ ریپ تب تک نہیں رکیں گے ، جب تک عریانیت پر پابندی نہیں لگے گی۔ جو جسم کی نمائش ہو رہی ہے اس کی وجہ سے ریپ کے واقعات رک  نہیں رہے ہیں۔ اس کے لیے نابالغوں کے ہاتھوں سے موبائل پر روک لگانی پڑے گی۔

ایس پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نابالغ بچوں کو موبائل اور انٹرنیٹ سے دور رکھنا ہوگا۔صرف بیٹیوں کو ہی تعلیم نہیں ،بیٹوں کو بھی سمجھانا ہوگا کہ وہ تمھاری بہن ہے۔غور طلب ہے کہ کچھ سال پہلے ایس پی رہنما  ملائم سنگھ یادو نے ریپ کے واقعات پر کہا تھا کہ لڑکے لڑکے ہیں، وہ غلطیاں کریں گے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ، اپنی مرادآباد کی ریلی میں انھوں نے کہا تھا کہ’ لڑکیاں پہلے دوستی کرتی ہیں ، لڑکے لڑکی میں اختلاف ہو جاتا ہے ،اختلاف ہونے کے بعد وہ اس کو ریپ کا نام دے دیتی ہیں ۔لڑکوں سے غلطی ہو جاتی ہے۔ کیا ریپ کیس میں پھانسی دی جائے گی؟’