پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس کافی ثبوت ہیں۔ ششی تھرور کے گھریلو نوکر نارائن سنگھ کو معاملے میں ایک اہم گواہ بنایا گیا ہے۔
نئی دہلی: دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے آج کہا کہ سنندا پشکر کی موت کے معاملے میں کانگریسی رہنما ششی تھرور کو ملزم کے طور پر طلب کرنے کے سوال پر 5جون کو اپنا حکم سنائے گی۔پراسیکیوشن کے وکیل نے کہا کہ تھرور کو طلب کرنے کے لیے اس کے پاس مناسب ثبوت ہیں۔ اس کے بعد ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سمر وشال نے کہا کہ وہ بعد میں آرڈر سنائیں گے۔ دہلی پولیس نے 14 مئی کو تروواننتاپورم سے لوک سبھا ممبر ششی تھرور پر سنندا کو خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام لگایا تھا۔
Sunanda Pushkar death case: Delhi's Patiala House Court sets June 5 for order on cognizance of chargesheet against Congress MP Shashi Tharoor
— ANI (@ANI) May 28, 2018
دینک ہندوستان کے مطابق ، دہلی پولیس نے عدالت سے کہا کہ ششی تھرور کو ساڑھے چار سال پرانے معاملے میں ملزم کے طور پر طلب کیا جانا چاہیے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے پاس کافی ثبوت ہیں۔ دہلی پولیس نے تقریباً3 ہزار صفحہ کی چارج شیٹ میں تھرور کو اکلوتے ملزم کے طور پر نامزد کیا ہے۔ پولیس نے الزام لگایا تھا کہ انھوں نے اپنی بیوی کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا۔ تھرور کے گھریلو نوکر نارائن سنگھ کو معاملے میں ایک اہم گواہ بنایا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ 17 جنوری2014 کی رات دہلی کے ایک 5 اسٹار ہوٹل کے کمرے میں سنندا پشکر مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔مبینہ طور پر اس سے ایک دن پہلے سنندا اور پاکستانی صحافی مہر طرار کے بیچ ٹوئٹ پر بحث ہوئی تھی۔یہ بحث ششی تھرور کے ساتھ مہر کے مبینہ افیئر کو لے کر ہوئی تھی۔کانگریس رہنما ششی تھرور پر آئی پی سی کی دفعہ 498 اےاور 306کے الزام لگائے گئے ہیں۔ دفعہ 489 اے کے تحت زیادہ سے زیادہ 3 سال کی جیل کا اہتمام ہے جبکہ 306 کے تحت زیادہ سے زیادہ 10 سال کی جیل ہو سکتی ہے۔دہلی پولیس نے 1 جنوری 2015 کو آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت نہ معلوم لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔تھرور کو اس معاملے میں اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
Categories: خبریں