کانپور کے گنیش شنکر ودیارتھی میڈیکل کالج کے تحت آنے والے ہیلیٹ ہاسپٹل کا اے سی پلانٹ 5 دنوں سے خراب تھا۔ اہل خانہ نے اے سی خراب ہونے کو وجہبتایا ہے، ہاسپٹل انتظامیہ نے الزامات سے انکار کیا۔
نئی دہلی : اتر پردیش کی صنعتی راجدھانی کہلانے والے کانپور شہر کے ایک میڈیکل کالج کے تحت آنے والے ہسپتال کے آئی سی یو کی اے سی خراب ہونے کی وجہ سے پچھلے 24 گھنٹے میں5 مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔ گنیش شنکر ودیارتھی میڈیکل (جی ایس وی ایم) کالج کے تحت آنے والے لالہ لاجپت رائے ہسپتال، جس کو ہیلیٹ ہسپتال کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کے محکمہ میڈیسن کے آئی سی یو کا اے سی پلانٹ پچھلے پانچ دنوں سے خراب تھا۔
دینک جاگرن کے کانپور ایڈیشن کے مطابق، آئی سی یو کے دونوں اے سی پلانٹ بدھ کی رات فیل ہو گئے۔ 41.2 ڈگری کی گرمی میں لائف سپورٹ سسٹم کے نے کام کرنا بند کر دیا۔ ایسے میں 24 گھنٹوں کے اندر یہاں 5مریضوں کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق، ہسپتال کے انتظامیہ نے اے سی خراب ہونے سے مریضوں کی موت ہونے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موت بیماری کی وجہ سے ہوئی۔ ساتھ ہی لائف سپورٹ سسٹم کے فیل نہ ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
سسٹم انچارج کی تحریری شکایت کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور بدھ کی رات 12 بجے سے جمعرات کی شام 5 بجے تک ہسپتال کے 5 مریضوں کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق، جمعرات کی صبح کو ہردوئی ضلع کے سنڈیلا کے رہنے والے 58 سالہ رسول بخش اور اناؤ کے ایک مریض نے دم توڑ دیا۔ اس کے علاوہ آئی سی یو کے بیڈ نمبر 12 پر بھرتی اعظم گڑھ کے 56 سالہ مراری کی جمعرات کی شام کو موت ہو گئی۔امر اجالا کی رپورٹ کے مطابق، آئی سی یو میں بھرتی 75 سالہ اندرپال سنگھ اور 75 سالہ گیا پرساد کی موت ہو گئی۔ بدھ کی رات آئی سی یومیں 4بچوں سمیت 11 مریضوں کا علاج چل رہا تھا۔ ہسپتال میں بھرتی مریضوں کے تیمارداروں کا الزام ہے کہ آئی سی یو میں گزشتہ کئی دنوں سے اے سی خراب ہے جس کی وجہ سے ان کے مریضوں کی موت ہوئی۔
میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر نونیت کمار نے دینک جاگرن سے بات چیت میں بتایا، ‘ ان اموات کا اے سی خراب ہونے سے کوئی لینادینا نہیں ہے۔ آئی سی یو کی اے سی پلانٹ بدھ سے خراب ہے۔ چیف سپریٹنڈنٹ، سی ایم ایس اور ماتحت انجینئر کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ اس کے ٹھیک ہونے میں ایک دن کا اور وقت لگےگا۔ گرمی سے وینٹلیٹر اور دوسری مشین متاثر نہیں ہوئی ہیں۔ ‘
ہسپتال کے محکمہ میڈیسن کے انچارج ڈاکٹر سوربھ اگروال نے امر اجالا سے بات چیت میں بتایا، ‘ آئی سی یو میں 5 مریضوں کی موت ہوتی ہے، لیکن اس کی وجہ اے سی کا خراب ہونا نہیں ہے۔ ان میں سے 3 مریض سی پی آر کارڈیو پلمونری رسسٹیشن کے تھے اور دوسرے دو مریضوں کی حالت بھی بہت سنگین تھی۔ ‘ دینک جاگرن سے بات چیت میں اے ڈی ایم سٹی ستیش پالکے مطابق، شروعاتی تفتیش میں اے سی خراب ہونے کی بات معلوم ہوئی ہے۔
Categories: خبریں