خبریں

ہندوستان نے کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالی سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کو خارج کیا

 حکومت  نے کشمیر پر اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کو خارج کیا ہے جس میں مبینہ طور پر انسانی حقوق کی خلا ف ورزی کے الزام لگائے گئے ہیں ۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: ہندوستان نے کشمیر پر اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کو خارج کیا ہے جس میں مبینہ طور پر انسانی حقوق کی خلا ف ورزی کے الزام لگائے گئے ہیں ۔ ہندوستان نے یو این کی اس رپورٹ کو غلط اور خاص نظریے سے متاثر بتایا ہے۔ وزارت خارجہ نے اس پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ متعصب ہے اور جھوٹے بیانیہ (Narrative)کی تشکیل کی کوشش ہے۔ ہندوستان نے صاف کیا ہے کہ پورا کا پورا کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ رپورٹ ہندوستان کی خود مختاریت اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتی ہے۔ جمعرات کو ریلیز اس رپورٹ میں جموں و کشمیر اور پاکستان کے قبضے والے کشمیر ، دونوں میں ہی مبینہ طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بات کہی گئی ہے۔ یو این نے اس کی عالمی جانچ کی مانگ کی ہے۔

وزارت خارجہ نے اس کو خارج کرتے ہوئے ایسی رپورٹ سامنے لانے کی منشا پر سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ کافی حد تک غیر مصدقہ  جانکاری کو منتخب کر کے بنائی گئی ہے۔ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور پاکستان نے ہندوستان کے ایک حصے پر جبراً اور غیر قانونی طریقے سے اپنا قبضہ کر رکھا ہے۔

نیوز 18 کے مطابق؛ OHCHRیعنی آفیس آف دی یونائٹیڈ نیشنس ہائی کمشنرس  فار ہیومن رائٹس نے جمعرات کو کہا کہ انھیں تفصیلی جانچ کے لیے متعلقہ  علاقے میں پورے طور پر جانے کی اجازت نہیں ملی۔  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک (ہندوستان اور پاکستان)سے کشمیر کے علاقوں میں بلا شرط جانے کی اجازت دی جائے ،جس کو ہندوستانی حکومت نے خارج کر دیا جبکہ پاکستان نے کہا کہ ہائی کمشنر کے آفیس کو  صرف پاکستان کی حکومت والے کشمیر کے علاقوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی، اگر ہندوستان اپنی حکومت والے کشمیر میں جانے کی اجازت دیتا ہے۔

رپورٹ کہتی ہے کہ اس کے نتائج پبلک ڈومین میں موجود انفارمیشن پر مبنی ہیں ،کچھ اطلاعات رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت بھی حاصل کی گئی ہیں۔OHCHRکا کہنا ہے کہ اسپیشل ایکٹ مثلاً AFSPAاور جموں اینڈ کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ  یہاں نارمل کورس آف لاء کے لیے چیلنچ بن گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے متاثرین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘ایل او سی کے دونوں طرف لوگ متاثر ہو رہے ہیں ،رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ  ان کو انسانی حقوق سے محروم کیا گیا یا محدود کیا گیاہے۔’