پاناما پیپرس کے پہلے لیک میں کئی ہندوستانی کاروباریوں کے نام سامنے آئے تھے۔ جس کی زیادہ تر کاروباریوں نے مخالفت کی تھی۔لیکن اب نئےلیک ہوئے دستاویزوں سے پرانے الزام پختہ ہورہے ہیں ۔
نئی دہلی: 2 سال پہلے پاناما کے لاء فرم موساک فانسیکا(Mossack Fonseca) کے کچھ لیک پیپرس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ہندوستان سمیت دنیا کے کئی اہم لوگوں ، کاروباریوں نے ٹیکس ہیون(Heaven)کہے جانے والے ملکوں میں بلیک منی چھپائی ہے۔آج تک کے مطابق ، اس فرم کے دستاویزوں میں کئی نئے نام سامنے آئے ہیں اور پرانے کاروباریوں پر ٹیکس چوری کے الزام پختہ ہوئے ہیں۔
انڈین ایکسپریس کےمطابق،اس نے International Consortium of Investigative Journalistsاور جرمن اخبار Suddeutsche Zeitungکے ساتھ ایک انویسٹی گیشن ‘Panama Papers: The Aftermath’ کیا ہے۔تازہ سروے میں 12 لاکھ سے زیادہ نئے دستاویزوں کی جانچ کی ہے ۔ان میں کم سے کم 12 ہزار نئے دستاویز ہندوستانیوں سے متعلق ہیں۔ 2 سال پہلے2016 میں سامنے آئے موساک فانسیکاکے دستاویز میں 500 ہندوستانیوں کا نام تھا۔ آج تک کے مطابق پاناما پیپرس سب سے پہلے جرمنی کے اخبار Suddeutsche Zeitungکو ملے تھے۔
پاناما پیپرس لیک میں کئی نئے ہندوستانی کاروباریوں کے نام سامنے آئے ہیں ،جو 2016 پاناما لیک میں شامل نہیں تھے۔ ان میں پی وی آر اجے بجلی اور ان کی فیملی کے لوگ، ہائیک میسنجر کے سی ای اواور سنیل متل کے بیٹے کوین متل، ایشین پینٹس کے سی ای او اشون دانی کے بیٹے جلج دانی شامل ہیں۔
خبر کے مطابق ، مرکزی حکومت نے ایک ملٹی ایجنسی گروپ (MAG)بنایا ہے جو لسٹ میں شامل 426 ہندوستانیوں کے بارے میں جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ اس جانچ کی بنیاد پر قریب 1ہزار کروڑ کی بلیک منی کا پتہ لگایا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ پاناما پیپرس کے پہلے لیک میں کئی ہندوستانی کاروباریوں کے ٹیکس ہیون ممالک میں کمپنی بناکر دولت چھپانے کی بات سامنے آئی تھی۔ جس کی زیادہ تر کاروباریوں نے مخالفت کی تھی۔لیکن اب نئےلیک ہوئے دستاویزوں سے پرانے لگے الزام پختہ ہورہے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ، ٹیکس ہیون ممالک کی کمپنی سے تعلق رکھنے والے دوسرے ہندوستانیوں کے نام یہ ہیں؛سن گروپ کے چیف نند لال کھیمکا کے بیٹےشو وکرم کھیمکا، سپر اسٹار امیتابھ بچن ،سابق اٹارنی جنرل سولی سورابجی کے بیٹے جہانگیر سورابجی،ڈی ایل ایف گروپ کے چیف کے پی سنگھ، لوک ستا پارٹی کے سابق رہنما انوراگ کیجریوال ، میہرا سنس جیولرس کے مالک نوین میہرا، انڈرورلڈ ڈان اقبال مرچی کی بیوی ہاجرا اقبال مینن۔
2 سال پہلے لیک ہوئے پیپرس میں امیتابھ بچن کا نام 3 کمپنیوں لیڈی شپنگ، ٹریزر شپنگ اور سی بلک شپنگ سے جوڑا گیا تھا لیکن تب انھوں نے ان کمپنیوں یا ٹیکس ہیون ملک میں کسی جائیدادسے جڑے ہونے سے انکار کیا تھا۔ نئے دستاویزوں کے مطابق برٹش ورجن آئی لینڈ واقع کمپنی مارڈی گریس ہولڈنگس کے مالک لوکیش شرما نے 2016 میں پاناما پیپرس لیک کے بعد کمپنی میں اپنی حصہ داری 30 گنا تک بڑھا دی ہے۔
Categories: خبریں