ممتا بنرجی نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی ریاست میں ووٹ فیصد بڑھانے کے لئے ای وی ایم سے چھیڑچھاڑ کر رہی ہے۔
نئی دہلی :بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس سپریمو ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کو ‘ انتہا پسند تنظیم’ بتایا جو لوگوں کو مذہبی بنیاد پر باٹنے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ بی جے پی ان کی پارٹی پر حملہ کرکے دکھائے۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئےممتا نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی ریاست میں ووٹ بڑھانے کے لئے ای وی ایم سے چھیڑچھاڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے کارکنان سے اپیل کی کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب کی تیاریاں کریں کیونکہ اس پر پورے ملک کی نظر ہے۔
ترنمول کانگریس کی Extended core committeeکی میٹنگ میں انہوں نے کہا، ‘ہم بی جے پی کی طرح انتہا پسند تنظیم نہیں ہیں۔ وہ مغرور اور غیرروادار ہیں۔ وہ مذہبی طور پر جانبدار ہیں۔ وہ مسلموں، عیسائیوں، سکھوں کو پسند نہیں کرتے … وہ ہندوؤں میں بھی اعلیٰ ذات اور پسماندہ ذات کے لوگوں کے درمیان فرق کرتے ہیں۔ ‘ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’ وہ تصادم کی دھمکی دے رہے ہیں۔ چونکہ وہ دہلی میں اقتدار میں ہیں اس لئے وہ بم برسانے کی باتیں کرتے ہیں۔ میں ان کو چیلنج کرتی ہوں کہ آئیں اور ہمیں چھوکر دکھائیں۔ ہم ان کو اوقات بتا دیںگے۔ ‘
مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے منگل کو کہا تھا کہ اگر ان کی پارٹی کے کارکنان پر ترنمول کانگریس کے لوگ حملہ کرتے ہیں تو وہ برداشت نہیں کریںگے اور انہوں نے جوابی حملے کی دھمکی دی تھی۔ ممتا نے بی جے پی، کانگریس، سی پی آئی ایم اور ماؤوادیوں پر الزام لگایا کہ بنگال میں انہوں نے ترنمول کانگریس کے خلاف ہاتھ ملا لئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں ووٹ فیصد بڑھانے کے لئے بھگواپارٹی ای وی ایم سے چھیڑچھاڑ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ‘ ووٹر لسٹ کی نظرثانی کا کام شروع ہو گیا ہے۔ یقینی بنائیے کہ پروسیس پر عمل کیا جائے۔ ای وی ایم سے چھیڑچھاڑ کرنا بی جے پی کی عادت ہے۔ ہماری پارٹی کے کارکنان کو محتاط رہنا چاہیے اور ان کی نگرانی کرنی چاہیے۔ ‘مہیش تالا میں مئی میں ہوئے اسمبلی ضمنی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت استعمال کئے گئے 30 فیصدی ای وی ایم صحیح سے کام نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا، ” مرکزی حکومت ای وی ایم مشین سے چھیڑچھاڑ کرتی ہے۔ ہر مشین کی نگرانی کرنی ہوگی۔ ‘
مہیش تالا میں ترنمول کانگریس نے بڑی جیت حاصل کی تھی۔ ممتا نے اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے پارٹی کارکنان سے لوگوں سے بڑے پیمانے پر رابطہ کرنے کے لئے کہا۔
Categories: خبریں