خبریں

اے ایم یو اور جامعہ میں دلتوں کو ریزرویشن ملنا چاہیے : یوگی آدتیہ ناتھ

اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ؛اگر بی ایچ یو میں دلتوں کو ریزرویشن دیا جا سکتا ہے تو اقلیتوں کے ذریعے چلائے  جا رہےاداروں میں کیوں نہیں؟

Yogi-Adityanath-PTI

نئی دہلی : اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں دلتوں کے لئے ریزرویشن کی مانگ کی ہے۔خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ جو لوگ دلتوں کے لئے فکرمند ہیں ان کو اس مدعا کو اٹھانا چاہیے ۔ سی ایم  یوگی نے سوال کیا کہ اگر بی ایچ یو میں دلتوں کو ریزرویشن دیا جا سکتا ہے تو اقلیتوں کے ذریعے چلائے  جا رہےاداروں میں کیوں نہیں؟

غور طلب ہے کہ  اتوار کو قنوج  میں ایک جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے سی ایم یوگی نے کہا، ‘ ایک سوال یہ بھی ان سے پوچھا جانا چاہیے  کہ جو کہہ رہے ہیں کہ دلتوں کی بے عزتی ہو رہی ہے…کہ آخر دلت بھائیوں کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی ریزرویشن دینے کا فائدہ ملنا چاہیے ۔ وہ اس بات کو اٹھانے کا کام کب کریں‌گے۔ ‘

انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق ؛یوگی نے کہا کہ، ‘ اگر بی ایچ یو دلتوں اور پس ماندہ طبقے کے لوگوں کو یہ ریزرویشن دے سکتا ہے تو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیوں نہیں؟ ‘ سی ایم یوگی نے کانگریس صدر راہل گاندھی کے مندروں میں جانے پر بھی نشانہ سادھا اور کہا کہ کانگریس صدر اس کے ذریعے یہ ‘ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ہندو ہیں لیکن ان کے آباواجداد کی 4 پشتوں نے کبھی بھی جنیو نہیں پہنا تھا۔ ‘

وزیراعلیٰ یوگی نے کہا، ‘ لیکن جب ہندوستان کی اصل طاقت کا احساس راہل گاندھی کو ہوتا ہے تو ان کو مندر یاد آنے لگتے ہیں۔ ‘ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی نے دہشت گردی کی حمایت کی۔ یوگی نے دعویٰ کیا کہ جب مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف سخت قدم اٹھایا تو کانگریس بےچینی محسوس کرنے لگی۔