خبریں

ٹیلنٹ  کی کمی سے کمپنیاں بےحال، ہندوستان سب سے زیادہ متاثر ممالک میں

ایشیا براعظم کے ممالک سب سے زیادہ ٹیلنٹ  کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ جاپان، تائیوان، ہانگ کانگ، سنگاپور اور ہندوستان سر فہرست  10 ممالک میں شامل ہیں۔ دنیا میں سب سے اچھی حالت چین کی ہے۔

(فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: دنیا بھر کی کمپنیاں 12 سالوں میں سب سے زیادہ ٹیلنٹ  کی کمی کا سامنا کر رہی ہیں اور ہندوستان اس سے متاثر ہونے والے سر فہرست  10  ممالک میں شامل ہے۔ ہندوستان میں 56 فیصد کمپنیوں کو عہدوں کو بھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی۔ مین پاور گروپ کے حالیہ ٹیلنٹ  کی کمی سے متعلق سروے کے مطابق، دنیا بھر کی قریب 40000 کمپنیوں کو سروے میں شامل کیا گیا، اس میں سے 45 فیصد کمپنیوں کو عہدوں  کو بھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گروپ کے چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو  افسر جوناس پریزنگ نے کہا، ‘ دنیا بھر میں ٹیلنٹ  کی بھاری کمی کے بیچ سوال ٹیلنٹ  کھوجنے کا نہیں، بلکہ ٹیلنٹ  تعمیر کرنے کا ہے۔ ‘ انہوں نے کہا کہ تنظیموں  کو ملازمین‎ کو پھر سے ماہر بنانے اور ان کی قابلیت کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے  تاکہ کمپنیاں کام کے اس نئے ماحول میں ٹک سکیں اور لوگوں کے پاس کافی  وقت کے لئے روزگار محفوظ ہو۔

ٹیلنٹ  کی کمی کے معاملے میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ملک جاپان ہے، یہاں 89 فیصد کمپنیوں کا ماننا ہے کہ ان کو عہدوں کو بھرنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے بعد رومانیا (81 فیصد) اور تائیوان (78 فیصد)  ہے۔ٹیلنٹ  کی کمی کا سامنا کر رہے سر فہرست 10 ممالک میں ہانگ کانگ (76 فیصد)، بلگاریہ (68 فیصد)، ترکی (66 تقریباً)، یونان (61 فیصد)، سنگاپور (56 فیصد) اور سلوواکیا (54 فیصد) ہیں۔

سروے میں کہا گیا ہے کہ جیسےجیسے کمپنیاں ڈجیٹل  اور بدلاؤ  کی طرف بڑھ رہی ہیں، صحیح تکنیکی ٹیلنٹ  والے امیدوار کی تلاش کرنا ان کے لئے اور اہم ہو گیا ہے۔ اس بیچ ٹیلنٹ  کی کمی کا سب سے کم سامنا چین کو کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں صرف 13 فیصد کمپنیوں نے ٹیلنٹ  کی کمی کی بات کہی۔ اس کے بعد 18 فیصد کے ساتھ آئرلینڈ، 19 فیصد کے ساتھ برٹن، 24 فیصد کے ساتھ نیدرلینڈ اور اسپین دونوں کا نمبر آتا ہے۔ خطے کی بنیاد پر ایشیا براعظم کے ممالک  سب سے زیادہ اس مسئلہ کا سامنا کر رہے ہیں۔ سروے میں سب سے زیادہ متاثر سر فہرست  10 میں سے 5 جاپان، تائیوان، ہانگ کانگ، سنگاپور اور ہندوستان ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)