اس سال دنیا کی تمام ابھرتی معیشت میں روپے کا مظاہرہ سب سے کمزور رہا ہے۔
ممبئی :کچے تیل کی بڑھتی قیمتوں کے مدنظر ملک کا چالو کھاتہ گھاٹہ اور افراط زر بڑھنے کی تشویش کے بیچ جمعرات کوشروعاتی کاروبار میں ڈالر کے مقابلے 49 پیسے گھٹ کر 69.10 روپے پر آگیا ۔امپورٹس خصوصاًتیل ریفائنری اور بینکوں سے امریکی کرنسی کی مسلسل مانگ کی وجہ سے کچے تیل کی قیمتوں میں تیزی رہی ،جس سے روپے پر دباؤدیکھا گیا۔
بین بینکنگ فارین کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو روپیہ 68.87 روپیہ فی ڈالر پر کھلا اور شروعاتی کاروبار میں 49 پیسہ گرکر 69.10 روپے فی ڈالر پر آگیا۔ روپیہ بدھ کے کاروباری دن میں ڈالر کے مقابلے میں گرکر 68.61 روپے فی ڈالر پر بند ہوا تھا۔امریکہ نے بدھ کو ہندوستان اور چین سمیت اپنے سبھی معاون ملکوں کو ایران سے کچے تیل کی درآمد 4 نومبر تک روکنے کے لئے کہا تھا۔ اس کے بعد عالمی سطح پر کچے تیل کی قیمتیں بڑھ گئی تھیں۔
اس کے علاوہ لیبیا اور کناڈا میں تیل کی فراہمی سے متعلق ہو رہی پریشانی سے بھی تیل کی قیمت پر دباؤرہا۔ کرنسی ڈیلروں کا کہنا ہے کہ کچے تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قیمتوں میں گراوٹ سے ہندوستان کو دوہرا نقصان جھیلنا پڑے گا۔ غور طلب ہے کہ اس سال سبھی ابھرتی معیشتوں کی کرنسی کے بیچ روپے کی کارکردگی سب سے کمزور رہی ہے۔اس دوران ممبئی شیئر بازارکا میجر انڈیکس سینسکس جمعرات کوشروعاتی کاروبار میں90.26 پوائنٹ یعنی 0.25فیصد کم ہو کر 35126.85 پوائنٹ پر آگیا ہے۔
Categories: خبریں