خبریں

سماجوادی پارٹی لیڈر کا دعویٰ ؛ تین طلاق مسلمانوں کو قاتل بننے سے روکتا ہے

’اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو کسی غیر مرد کے ساتھ تعلق بناتے ہوئے دیکھتا تو اس کو اپنی بیوی کو جان سے مارنے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ فوراً تین طلاق دے سکتاہے اور اس کی جان بچ سکتی ہے۔‘

علامتی تصویر: فوٹو،پی ٹی آئی

علامتی تصویر: فوٹو،پی ٹی آئی

نئی دہلی :سماجوادی پارٹی کے لیڈر ریاض احمد نے اپنے ایک متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ ؛ شرعی قانون یہی کہتا ہے کہ تین طلاق تین مرحلوں میں دیا جانا چاہیے،اور فوراً تین طلاق کا مطلب ہے بدکردار عورتوں کی جان بچانا۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ،سماجوادی لیڈر نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو کسی غیر مرد کے ساتھ تعلق بناتے ہوئے دیکھتا ہےتو اس کو اپنی بیوی کو جان سے مارنے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ فوراً تین طلاق دے سکتاہے اور اس کی جان بچ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین طلاق تین مرحلوں میں دیا جانا چاہیے ۔ تین طلاق کو اس طرح کی صورت حال کے لیے رکھا جانا چاہیے جبکہ آپ اپنی بیوی کو کسی غیر مرد کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیتے ہیں۔ اس وقت آپ کیا کریں گے؟ یا تو آپ اس کو جان سے مار دیں گے یا اس سے نجات پانے کے لیے تین طلاق دیں گے ۔ اسی لیے اس کو لایا گیا۔

انہوں نے اپنے اس متنازعہ بیان میں یہ بھی کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مسلم خواتین کا صحیح معنوں میں قدر نہیں کرتی اور وہ تین طلاق کے مدعے پر صرف سیاست کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ واقعی میں مصیبت میں گھری مسلم خواتین کی فکر کرتی ہے تو اس کو چاہیے کہ وہ آنے والے خواتین ریزرویشن بل میں 8سے 10فیصد عورتوں کو کوٹہ ریزرو کردے۔