ہریانہ کے فرید آباد میں گئو تسکری کے نام پر پھروتی مانگنے کے الزام میں پولیس نے ایک گئو رکشک گروپ کے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
نئی دہلی: ہریانہ کے فرید آباد میں گئو تسکری کے نام پرپھروتی مانگنے کے الزام میں پولیس نے ایک گئو رکشک گروپ کے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ الزام ہے کہ دونوں فرید آباد کے ایک بڑے کاروباری سے گئو رکشا کا ڈر دکھا کر 50 لاکھ کی مانگ کرنے کی کوشش میں تھے۔ دونوں ایک گئو رکشک گروپ کے ممبر ہیں۔ پکڑے گئے دونوں لوگ نوئیڈا کی ایک کمپنی میں بڑے عہدے پر تھے۔ پہلے دونوں نے چوری کا موبائل خریدا پھر اس سے کاروباری کو فون کرنے لگے۔
آج تک کے مطابق؛ فون پر کاروباری سے کہا گیا کہ اگر وہ ان کو 50 لاکھ روپے نہیں دیں گے تو ان کے بیٹے کی جان کو خطرہ ہوگا۔ کاروباری نے فرید آباد کی کرائم برانچ میں شکایت کی کہ ان کو کوئی انجان شخص دھمکی دے کر 50 لاکھ کی کی مانگ کر رہا ہے۔ کاروباری نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ دونوں نے خود کو گئو رکشا گروپ کا ممبر بتایا ہے۔ اس بیچ پولیس نے 2 لوگوں کو گرفتار کیا ،جن کی پہچان راہل اور ششی کے طور پر ہوئی ہے۔
پکڑے جانے پر دونوں نے بتایا کہ ایک چھینا ہوا موبائل ان دونوں نے انل نام کے شخص کو بیچا ہے۔ پولیس نے جانچ کی تو پتا لگا کہ یہ وہی موبائل ہے ، جس سے کاروباری کو دھمکی دی جا رہی ہے۔ اس کے بعد پولیس نے انل کو پکڑ لیا۔ پکڑے جانے پر انل نے اپنا گناہ قبول کر لیا۔ انل کی نشاندہی پر اس کا دوست بھی پکڑا گیا۔ دونوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ گئو رکشا گروپ سے جڑے ہیں۔ اب پولیس اس بات کی تصدیق کر رہی ہے۔
وہیں پولیس یہ بھی پتا لگارہی ہے کہ ان دونوں کے علاوہ اس سازش میں اور لوگ بھی جڑے تھے یا پھر پوری سازش ان دونوں نے اکیلے ہی کی تھی۔ دونوں نے پولیس کو بتایا کہ ان کو یہ آئیڈیا ٹی وی پر آنے والے کرائم شو کو دیکھ کر آیا تھا۔ فی الحال پولیس اس معاملے میں چھان بین کر رہی ہے۔ ساتھ ہی دونوں ملزموں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
Categories: خبریں