خبریں

دہلی : 9سال کی ایک بچی سے ریپ کے بعد اس کو نالے میں پھینکا

 اس معاملے میں دو لوگوں سے پوچھ تاچھ کے لیے گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس جرم کے پیچھے علاقے کے نشہ کرنے والے لوگوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

علامتی تصویر

علامتی تصویر

نئی دہلی :ملک کی راجدھانی دہلی میں 9سال کی ایک بچی کے ساتھ ریپ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔یہ شرمناک وردات وسنت کنج علاقے  کا بتایا جارہاہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق  بدھ کی شب کو بچی ٹوائلٹ کے لیے پبلک ٹوائلٹ گئی تھی۔بعد میں کچھ عورتوں کو رنگ پور پہاڑی علاقے میں ایک نالے میں بچی بے ہوشی کی حالت میں ملی ۔ انہوں نے بچی کے والدین کو اطلاع دی ۔ اس کے بعد بچی کو ایمس میں داخل کروایا گیا ۔

ٹائمس آف انڈیا کی ایک خبر کے مطابق؛بچی کے نجی اور اندرونی حصوں میں چوٹ کے نشان پائے گئے ہیں ۔ جمعرات کو اس آپریشن کرنا پڑا تھا ۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کے زخموں میں انفیکشن پھیل گیا ہے۔ اس لیے فی الحال اس کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ دریں اثنا بچی کی ماں نے معصوم سے بات کرنے کے بعد بتایا کہ اس شرمناک فعل کو انجام دینے والوں نے نقاب پہن رکھے تھے۔

ڈی سی پی ساؤتھ ویسٹ دیویندر آریہ نے معاملے کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں دو لوگوں سے پوچھ تاچھ کے لیے گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس جرم کے پیچھے علاقے کے نشہ کرنے والے لوگوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ پولیس نے گینگ ریپ کے امکانات سے انکار نہیں کیا ہے ۔ معاملے کے بعد آئی پی سی کی دفعہ 376اور پاکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔