خبریں

ایس سی ایس ٹی ایکٹ معاملہ : اشرافیہ تنظیموں کا بھارت بند،کئی جگہوں پر ٹرین روکی گئی

بھارت بند کے دوران مدھیہ پردیش کے 10 اضلاع میں لاء اینڈ آرڈر  کو دیکھتے ہوئے دفعہ 144 لگائی گئی ہے۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: مرکزی حکومت کے ذریعے ایس سی ایس ٹی ایکٹ کو لے کر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ پلٹے جانے کے خلاف کئی اشرافیہ تنظیموں نے آج ‘بھارت بند’ کا اعلان کیا ہے۔ اس بند کا سب سے زیادہ اثر مدھیہ پردیش ، اتر پردیش اور بہار میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ان ریاستوں میں کئی جگہ ٹرینوں کو روکا گیا ہے۔ کئی جگہوں پر مظاہرین سڑک پر اتر کر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے 10 ضلعوں میں سکیورٹی انتظامات کو دیکھتے ہوئے دفعہ 144 لگا دی گئی ہے۔

ان اضلاع میں دفعہ 144 بھارت بند کے اگلے 3 دن یعنی 7 ستمبر تک لگی رہے گی۔ اس کے علاوہ ریاست میں کئی جگہوں پر پیٹرول پمپ بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں فی الحال تشدد کی کوئی خبر نہیں ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ؛ پولیس سوشل میڈیا پر بھی نظر بنائے ہوئے ہیں۔ ادھر ) National Commission for Scheduled Castesاین سی ایس سی (کے صدر رام شنکر کٹھیریا نے ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے خلاف اس مظاہرے کو سیاسی طور پر ترغیب شدہ بتایا ہے۔

غور طلب ہے کہ سپریم کورٹ نے کچھ مہینے پہلے ایس سی ایس ٹی ایکٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان معاملوں میں فوراً گرفتاری نہیں کی جائے گی۔ کورٹ نے کہا تھا کہ شکایت ملنے پر فوراً مقدمہ بھی درج نہیں کیا جائے گا بلکہ پہلے مجسٹریٹ جانچ ہوگی اور  پھر طے کیا جائے گا کہ معاملہ درج کیا جائے یا نہیں ۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد دلت تنظیموں نے مظاہرہ کیا تھا۔ اس کے بعد مرکزی حکومت نے بل لاکر قانون کو اس کی پہلی  والی صورت میں ہی بحال کر دیاہے۔ اس سے اشرافیہ کمیونٹی کے لوگ ناراض ہیں۔