خبریں

جنید قتل معاملہ : کلیدی ملزم کو پنجاب –ہریانہ ہائی کورٹ سے ملی ضمانت

اس معاملے میں  تمام دوسرے ملزمین کو ہائی کورٹ اور نچلی عدالت سے ضمانت مل چکی ہے۔

JunaidKhan

فوٹو : سوشل میڈیا

نئی دہلی : پنجاب –ہریانہ ہائی کورٹ نے 17سالہ جنید خان کو پیٹ پیٹ کر مار دینے کےکلیدی ملزم کو بدھ کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔ اس سے قبل تمام دوسرے ملزمین کو ہائی کورٹ اور نچلی عدالت سے ضمانت مل چکی ہے۔

واضح ہوکہ جنید کو گزشتہ سال بلبھ گڑھ کے پاس ایک ٹرین میں مبینہ طور پر چاقو گھونپ کر قتل کر دیا تھا۔جنید گزشتہ سال 22جون کو دہلی سے متھرا جانے والی ٹرین میں چڑھا تھا،جب ٹرین ہریانہ بلبھ گڑھ کے نزدیک تھی تو اس کو مبینہ طور پر مار دیا گیا تھا۔جنید اپنے بھائی کے ساتھ عید کی خریداری کرکے کھانڈولی گاؤں سے اپنے گھر لوٹ رہا تھا۔

جنید خان کے قتل کے ملزم نریش کمار کے وکیل نے کہا کہ جسٹس دیا چودھری کی بنچ نے نریش کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نچلی عدالت میں معاملے کی کارروائی پر سپریم کورٹ کی روک کے مدنظر عدالت نے اس کو ضمانت دی ہے ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں ایس ایل پی پر عبوری فیصلہ آنے تک عبوری ضمانت جاری رہے گی ۔

غور طلب ہے کہ جنید کے قتل کے الزام میں نریش 8جولائی 2017سے عدالتی حراست میں ہے ۔ جنید خان کے والد جلال الدین نے سپریم کورٹ میں ایس ایل پی دائر کی تھی کیوں کہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے ان کے بیٹے کو پیٹ پیٹ کر مار دیے جانے کے معاملے میں سی بی آئی سے جانچ کرانے کی مانگ والی عرضی کو خارج کر دیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)