خبریں

برہموس کی جانکاری پاکستانی ایجنسیوں کو دینے کے شک میں ڈی آر ڈی او کا ایک ملازم حراست میں

اتر پردیش پولیس اور مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ایک مشترکہ کارروائی میں نشانت کو حراست میں لیا گیا ہے ۔جاسوسی کے شک میں حراست میں لیے گئے نشانت اگروال ناگپور واقع برہموس میزائل پروڈکشن سینٹر میں گزشتہ 4 سالوں سے کام کر رہا تھا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : ڈی آر ڈی او (Defence Research and Development Organization) کی ناگپور یونٹ کے ایک ملازم کو جاسوسی کے شک میں حراست میں لیا گیا ہے ۔ حراست میں لیےگئے ملازم کی پہچان  نشانت اگروال کے طور پر کی گئی ہے ۔اتر پردیش پولیس اور مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ایک مشترکہ کارروائی میں نشانت کو گرفتار کیا ہے ۔ نشانت کے پاس سے کچھ مشتبہ دستاویز بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔

انڈیا ٹوڈے کی ایک خبر مطابق ؛ اگر وال ڈی آر ڈی او کے برہموس میزائل (BrahMos missile)پروڈکشن سینٹر کےساتھ گزشتہ 4سالوں سے کام کر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس نے اس میزائل سے متعلق کچھ خفیہ معلومات پاکستانی ایجنسیوں کو دی ہیں ۔ اس معاملے کو لے کر دوسری جگہوں پر بھی چھاپے ماری جاری ہے۔

واضح ہوکہ برہموس ایک اوسط دوری کی سوپر سونک میزائل ہے اور اس سے ہوا ،پانی اور زمین تینوں جگہوں پر حملہ کیا جا سکتا ہے ۔ دنیا کی سب سے تیز کروز میزائل مانی جانے والی برہموس کو ہندوستا ن اور روس نے مل کر تیار کیا ہے۔