خبریں

مدھیہ پردیش : آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے 78ایم ایل اے کی امیدواری داؤ پر

پارٹی اعلیٰ کمان کا کہناہے کسی بھی امید وار کی امیدواری اس وجہ سے رد نہیں کی جائے گی کہ اس پر بدعنوانی کا کوئی مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے 6 ہفتے پہلے آر ایس ایس نے ریاست کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کو صلاح دی ہے کہ وہ اپنے موجودہ 78ایم ایل اے کو ٹکٹ نہ دیں ۔ٹائمس آف انڈیا کی ایک خبر کے مطابق ؛آر ایس ایس نے بی جے پی کو یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کو بدھنی اسمبلی حلقہ کے بجائے بھوپال کے گووند پورا اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑنا چاہیے ۔

غور طلب ہے گووند پورا بی جے پی کا گڑھ ہے جہاں سابق وزیر اعلیٰ بابولال گور 1980سے لگاتار 8بار جیت حاصل کر چکے ہیں ۔ٹائمس آف انڈیا نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ سنگھ پریوار نے یہ مشورہ پارٹی کے 78ایم ایل اے کے کمزور مظاہرے کے مد نظر دیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق بی جے پی اسٹیٹ الیکشن مینجمنٹ کمیٹی میں بھی اس موضوع پر بات ہوئی ہے،جس میں کہا گیا کہ صرف جیتنے والے امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا اس کے علاوہ کسی اور بات پر غور نہیں کیا جائے گا۔

پارٹی کے اعلیٰ کمان نے کہا ہے کہ کسی بھی امید وار کی امیدواری اس وجہ سے رد نہیں کی جائے گی اس پر بدعنوانی کا کوئی مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔دریں اثنا کانگریس بدھنی میں شیوراج چوہان کے خلاف کسی بڑے چہرے کو میدان میں اتار سکتی ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی کا کہنا ہے کہ بدھنی شیوراج کی گھریلو سیٹ ہے اس لیے وہاں کے ووٹرس کسی اور کو قبول نہیں کریں گے۔