پونے میں ملٹری ہاسپٹل میں کام کرنے والی خاتون نےجون میں ویڈیو کال کرکے اشاروں میں جنسی استحصال کو لے کر آپ بیتی سنائی تھی۔
نئی دہلی: پونے میں فوج کے ایک ہاسپٹل میں کام کرنے والی 34 سالہ بے زبان اور سماعت سے محروم خاتون کے ساتھ ریپ اور جنسی استحصال کے الزامات میں منگل کی رات چار فوجیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔خاتون نے اشاروں میں اپنے ساتھ ہوئے حادثے کی جانکاری ویڈیو کال کے ذریعے دی تھی۔اس معاملہ میں پونے کی کھڑکی پولیس تھانے میں چار فوجیوں پر مقدمہ درج کیا گیاہے۔
اندور کے تکوگنج تھانے میں معذور افراد کی مدد کے لئے چلائے جا رہے پولیس امداد مرکز کے چیف کوآرڈینیٹر گیانیندر پروہت نے بدھ کو بتایا کہ متاثرہ خاتون نے ویڈیو کال کے ذریعے جون میں ان سے رابطہ کرکے اشاروں سے اپنے مبینہ جنسی استحصال کے بارے میں بتایا تھا۔پروہت نے خاتون کے حوالے سے بتایا کہ پونے کے کھڑکی واقع ملٹری ہاسپٹل کے چار فوجی ساتھیوں نے وہاں الگ الگ مواقع پر ڈرا-دھمکاکر اس کا جنسی استحصال کیا۔
انہوں نے ہاسپٹل میں کام کرنے والے کچھ لوگوں کو اشاروں میں آپ بیتی بتانے کی کوشش بھی کی۔ لیکن وہ ان کی بات سمجھ نہیں سکے۔دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق متاثر ہ خاتون کی عمر 30 سال ہے اور ان کا 12 سال کا ایک بیٹا ہے۔ خاتون2014 سے ملٹری ہاسپٹل میں کام کر رہی تھی۔
خاتون کی شکایت کے مطابق ایک جوان نے چار سال پہلے اس کا ریپ کیا، جب وہ نائٹ شفٹ میں کام کر رہی تھی۔جب اس نے شکایت کرنے کی کوشش کی تو سپروائزر نے بھی ملزم کے ساتھ ملکر ریپ کیا۔بعد میں دو دوسرے جوانوں نے خاتون کا جنسی استحصال کرکے اس کا ویڈیو بنایا اور بلیک میل کیا۔
اشاراتی زبان کے جان کار نے بتایا کہ انہوں نے 5 جولائی کو پونے کے اس ملٹری ہاسپٹل جاکر ہاسپٹل کے انتظامیہ کو خاتون کی شکایت کے بارے میں بتایا۔اس کے ساتھ ہی، ملٹری ہاسپٹل کے کمانڈنٹ کو رسمی خط سونپکر ان سے التجا کی تھی کہ معاملے میں مناسب قدم اٹھائے جائیں۔ پروہت کی بیوی مونیکا بھی ایسے معذور کمیونٹی کے مفادات میں کام کرتی ہیں اور اشاراتی زبان کی جان کار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے وزیر دفاع نرملا سیتارمن اور فوج کے اعلیٰ افسروں کو 6اگست کو ای میل بھیجکر اس معاملے کی جانکاری دی تھی۔اس ای میل کے ذریعے اس ویڈیو کا لنک بھی بھیجا گیا تھا جس میں متاثرہ خاتون اپنے جنسی استحصال کی مبینہ داستان اشاروں میں بیان کرتی نظرآ رہی ہے۔
پروہت نے کہا،’متاثرہ خاتون اپنی پیدائش سے ہی بول اور سن نہیں سکتی۔ ان کے شوہر کا گزشتہ سال انتقال ہو چکا ہے۔ ان کی شکایت پر ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ہمیں لگ رہا ہے کہ ان کی مدد کے لئے ہماری کوشش کامیاب ہو گئی۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان کو آگے بھی انصاف ملے۔ ‘
(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں