خبریں

میرٹھ: 3 سال کی بچی کے منھ میں پٹاخہ جلایا، حالت نازک

لڑکی کے والد کے مطابق؛ بچی  گھر کے باہر کھیل رہی تھی جب ہرپال  نامی شخص نے اس کے منھ میں ’ستلی بم‘ رکھ کر آگ لگا دی۔

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

نئی دہلی: اتر پردیش کے میرٹھ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر 3 سال کی بچی کے منھ میں پٹاخہ جلا دیا۔ اس کی وجہ سے بچی سنگین طور پر زخمی ہو گئی۔یہ معاملہ  منگل کی رات میرٹھ کےمِلک گاؤں میں ہوئی تھی۔ زخمی بچی کو فوراً مقامی اسپتال میں لے جایا گیا ، جہاں اس کے منھ میں 50 ٹانکے لگائے گئے ہیں۔ منھ میں پٹاخہ پھٹنے سے اس کے گلے میں بھی انفیکشن ہو گیا ہے۔ بچی کی حالت فی الحال بے حد نازک بنی ہوئی ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر  درج کر لی ہے اور اس کی تلاش میں جٹ گئی ہے۔ بچی کے والد  ششی کمار نے اپنی شکایت میں گاؤں کے ایک شخص ہرپال کا نام لیا ہے ۔انڈین ایکسپریس کے مطابق؛لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ لڑکی اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی جب ہرپال نے اس کے منھ میں ‘ستلی بم’ رکھ کر آگ لگا دی۔ بم لڑکی کے منھ میں پھٹ گیا۔

 ڈکن ہیرالڈ نے ایک مقامی پولیس افسر کے حوالے سے بتایا ہے کہ فی الحال یہ پتا لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کیا یہ اصل میں مذاق تھا یا لڑکی کا قتل کرنے کی منصوبہ بند سازش تھی۔ وہیں لائیو ہندوستان سے بات چیت میں تھانہ انچارج پرشانت کپل نے بتایا کہ وہ اس معاملے کی جانچ لڑکی کے والد کی شکایت کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔