خبریں

آندھر پردیش کے بعد مغربی بنگال نے بھی سی بی آئی کے داخلے پر روک لگائی

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آندھر پردیش اور مغربی بنگال کی حکومتوں کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس چھپانے کو بہت کچھ ہے، وہی اپنی ریاست میں سی بی آئی کو نہیں آنے دے رہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: مغربی بنگال حکومت نے سی بی آئی کو ریاست میں چھاپے مارنے یا جانچ کرنے کے لیے دی گئی ‘رضامندی’ جمعہ کو واپس لے لی۔ اسٹیٹ سکریٹریٹ کے ایک سینئر افسر نے یہ جانکاری دی۔ مغربی بنگال کے فیصلے سے ٹھیک پہلے آندھر پردیش حکومت نے بھی یہی قدم اٹھایا ہے۔آندھر پردیش حکومت کے اعلان کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس مدعے پر آندھر پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو کو اپنی حمایت دی تھی۔

میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق،اس کے بعد ممتا بنرجی نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بلائی ، جس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔مغربی بنگال میں 1989 میں اس وقت کی لیفٹ حکومت نے سی بی آئی کو رضامندی دی تھی۔ ایک سینئر افسر نے نام نہ ظاہر ہونے کی شرط پر کہا کہ جمعہ کو نوٹیفیکشن کے بعد سی بی آئی کو اب سے عدالت کے آرڈر کے علاوہ دوسرے معاملوں میں کسی طرح کی جانچ کرنے کے لیے ریاستی حکومت کی اجازت لینی ہوگی۔

سی بی آئی Delhi Special Police Establishment (ڈی ایس پی ای)ایکٹ کے تحت کام کرتی ہے۔ اس سے پہلے آندھر پردیش کی چندر بابو نائیڈو حکومت نے سی بی آئی کو ریاست میں چھاپے مارنے اور جانچ کرنے کے لیے دی گئی ‘نارمل رضامندی’ واپس لے لی۔ آندھر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ (ہوم)ایم چنا راجپا نے نامہ نگاروں سے کہا کہ رضامندی واپس لینے کی وجہ سے اہم جانچ ایجنسی کے سینئر افسروں کے خلاف الزام لگے ہیں۔ اس کے بعد ممتا حکومت کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

آندھر حکومت کے اس قدم کو مودی حکومت اور وزیر اعلیٰ نائیڈو کے بیچ ٹکراؤ اور بڑھنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نائیڈو 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی سے مقابلے کے لیے غیر بی جے پی پارٹیوں کا مورچہ بنانے کی پر زور کوشش کر رہے ہیں۔ حالانکہ راجپانے واضح کیو ہے کہ سی بی آئی مرکزی حکومت کے افسروں کے خلاف ریاستی حکومت کی اجازت کے بغیر جانچ کر سکتی ہے۔ وہیں نائیڈو کے اس قدم کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی بھی حمایت ملی ہے۔

ادھر بی جے پی نےنائیڈو حکومت کے فیصلے کو کرپشن، مالی گڑ بڑیوں اور دوسرے مجرمانہ کاموں کو بچانے کی قواعد کہا ۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آندھر پردیش اور مغربی بنگال کی حکومتوں کے اس فیصلے پر پلٹوار کیا ہے۔انھوں نے کہا ‘ جن کے پاس چھپانے کو بہت کچھ ہے، وہ ہی اپنی ریاستوں  میں سی بی آئی کو نہیں آنے دے رہے ہیں۔کرپشن کے معاملے میں کسی بھی ریاست کی کوئی  خود مختاری نہیں ہے۔آندھر حکومت کا یہ قدم کسی خاص معاملے کی وجہ سے نہیں بلکہ آگے کیا ہو سکتا اس ڈر کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)