عدالت نے سی بی آئی کو اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانا کے خلاف کارروائی کے بارے میں 7 دسمبر تک صورتحال کوجوں کا توں برقراررکھنے کا حکم دیا ہے۔
نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر آلوک ورما اور جوائنٹ ڈائریکٹر اے کے شرما کو ایجنسی کے اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانا کے خلاف درج ایف آئی آر سے متعلق فائل کا سی وی سی دفتر میں معائنہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔جسٹس ناظمی وزیری نے ورما کو جمعرات کو سی وی سی کے دفتر میں جانے کو کہا ہے ۔ ورما کے وکیل نے کہا تھا کہ استھانا کی عرضی میں ان کے خلاف بدنیتی سے الزام لگائے گئے ہیں ۔
عدالت نے سی بی آئی کو استھانا کے خلاف کارروائی کے بارے میں صورتحال کو برقرار رکھنے کی ہدایت دینے والے اپنے فیصلے کی مدت 7 دسمبر تک کے لیے بڑھادی ہے۔واضح ہوکہ کل یعنی جمعرات کو سپریم کورٹ میں راکیش استھانا کے ذریعے ورما کے خلاف لگائے گئے الزامات کو لے کر شنوائی ہوگی ۔ سپریم کورٹ کئ آلوک ورما کے ذریعے حکومت کے 23 اکتوبر کے فیصلے کو چیلنج دینے والی عرضی پر شنوائی کر رہا ہے۔
مرکزی حکومت نے گزشتہ 23 اکتوبر کو سی وی سی کی صلاح پر آلوک ورما سے سارے اختیارات واپس لے لیے اور ان کو چھٹی پر بھیج دی اتھا۔ ورما کی جگہ پر ایم ناگیشور راؤ کو سی بی آئی کا عبوری ڈائریکٹر بنایا گیا تھا۔اس سے پہلے معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے عدالت نے کہا تھا کہ سی وی سی سپریم کورٹ جج اے کے پٹنایک کی نگرانی میں آلوک ورما پر لگائے گئے الزامات کی جانچ دو ہفتے میں پوری کرے۔
سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما اور اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانا نے ایک دوسرے پر بدعنوانی کے الزام لگائے ہیں ۔ حوالہ اور منی لانڈرنگ کے معاملوں میں میٹ کاروباری معین قریشی کو کلین چٹ دینے میں مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں سی بی آئی نے اپنے ہی اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانا کے خلاف ایف آئی آر درج کی ۔ استھانا پر الزام ہے کہ انہوں نے معین قریشی معاملے میں حیدرآباد کے ایک کاروباری سے دو ثالثوں کے ذریعے 5 کروڑ روپے کی رشوت مانگی تھی ۔
جس کے بعد راکیش استھانا نے سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما پر ہی اس معاملے میں ایک ملزم کو بچانے کے لیے دو کروڑ روپے کی رشوت لینے کا الزام لگایا ۔ دونوں افسروں کے بیچ مچے گھماسان کے پبلک ہونے پر مرکزی حکومت نے دونوں افسروں کو چھٹی پر بھیج دیا ۔ ساتھ ہی استھانا کے خلاف جانچ کر رہے 13 سی بی آئی افسر کا بھی تبادلہ کردیا گیا تھا۔سپریم کورٹ نے گزشتہ 26 اکتوبر کو سی وی سی سے کہا تھا کہ سپریم کورٹ جج کی نگرانی میں وہ ڈائریکٹر آلوک ورما کے خلاف لگائے الزامات کی جانچ دو ہفتے میں پوری کریں ۔
Categories: خبریں