خبریں

مرکزی حکومت نے 1 لاکھ سے زیادہ فوجیوں کو زیادہ ملٹری سروس الاؤنس دینے کی مانگ خارج کی

مودی حکومت کے اس فیصلے سے آرمی کے 87646 جونیئر کمیشنڈ افسر اور نیوی ، ایئر فورس میں جونیئر کمیشنڈ افسروں کے برابر 25434 اہلکاروں سمیت تقریباً1.12لاکھ فوجی متاثر ہوں گے۔

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:مرکز کی مودی حکومت نے آرمی کے جونیئر کمیشنڈ افسروں (جے سی او)سمیت آرمڈ فورس کے تقریباً 1.12لاکھ جوانوں کو زیادہ ملٹری سروس پے(ایم ایس پی)دیے جانے کی مانگ خارج کر دی ہے۔ آرمی ذرائع نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ کے اس فیصلے سے آرمی ہیڈکوارٹر میں ‘بہت غصہ’ ہے اور وہ اس کے ریویو کی مانگ کرے گا۔ 87646 جونیئر کمیشنڈ افسر اور نیوی ، ایئر فورس میں جونیئر کمیشنڈ افسروں کے سامنے 25434 اہلکاروں سمیت تقریباً1.12لاکھ فوجی اس فیصلے سے  متاثر ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ مہینے کی ایم ایس پی 5500 روپے سے بڑھ کر 10 ہزار روپے کرنے کی مانگ تھی۔ اگر حکومت نے مانگ مان لی ہوتی تو اس آئٹم میں ہر سال 610 کروڑ روپے خرچ ہوتے۔ فوجیوں کی اسپیشل سروس کے حالات اور ان کی مشکلوں کو دیکھتے ہوئے آرمڈ فورس کے لیے ایم ایس پی کی شروعات کی گئی تھی۔ ایک ذرائع نے بتایا،’ جے سی او اور نیوی اور ایئر فورس میں اس کے برابر رینک کے لیے ہائی ایم ایس پی کی تجویز کو وزارت خزانہ نے خارج کر دیا ہے۔’

ابھی ایم ایس پی کے دو درجے ہیں۔ ایک افسروں کے لیے اور دوسرا جے سی او اور جوانوں کے لیے۔ ساتویں پے کمیشن نے جے سی او اور جوانوں کے لیے مہینے کی ایم ایس پی 5200 روپے طے کی تھی جبکہ لفٹننٹ رینک اور بریگیڈیئر رینک کے بیچ کے افسروں کے لیے ای ایس پی کے طور پر 15500 روپے طے کیے تھے۔ آرمی جے سی او کے لیے زیادہ ایم ایس پی کی مانگ کرتی رہی ہے۔ اس کی دلیل ہے کہ وہ گزٹیڈ افسر (گروپ بی)ہیں اور آرمی کے کمانڈ اور کنٹرول فریم ورک میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔

آیک آرمی افسر نے اپنے نام کا انکشاف نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ‘ چونکہ جے سی او گروپ بی کے گزٹیڈ افسر ہوتے ہیں اور ان کی سروس کا وقت بھی لمبا ہوتا ہے ،لہذا ان کو جوانوں کے برابر کی ایم ایس پی دینا غلط ہے۔ یہ بہت غیر مناسب ہے۔’ذرائع نے بتایا کہ آرمی نے ڈیفنس منسٹر کے سامنے اس مدعے کو زوردار طریقے سے اٹھایا تھا۔ تینوں فوجوں اور منسٹری آف ڈیفنس کا اس معاملے میں ایک ہی رخ ہے۔

ایم ایس پی کی شروعات پہلی بار 6ویں پے کمیشن نے کی تھی۔ یوروپین ممالک میں آرمڈ فورس کے جوانوں کے لیے ایم ایس پی کافی مشہور ہے۔ آرمڈ فورس جے سی او اور اس کے برابر رینکوں کے لیے ایم ایس پی کی الگ رقم طے کرنے کی مانگ کر رہے تھے۔ گزشتہ سال نومبر میں آرمی نے واضح کیا تھا کہ جے سی او گزٹیڈ آفیسر ہوتے ہیں۔ آرمی نے سات سال پرانے اس نوٹ کو بھی خارج کر دیا تھا جس میں ان کو’ نان گزٹیڈ ‘افسر قرار دیا گیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)