سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورماوزیر اعظم کی صدارت والی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد اپنے عہدے سے ہٹائے گئے۔
نئی دہلی: سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد اپنے عہدے سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق؛ یہ فیصلہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ذریعے لیا گیا ہے جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کر رہے تھے۔
غور طلب ہے کہ سپریم کورٹ نے سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک کمار ورما کو ان کے اختیارات سے محروم کرکے چھٹی پر بھیجنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو خارج کر دیاتھا ۔ورما اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچے تھے۔ ان کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے گزشتہ منگل کو عدالت نے ڈی او پی ٹی اور سی وی سی کے حکم کو منسوخ کر دیا۔
حالانکہ عدالت نے سی وی سی کی جانچ پوری ہونے تک ورما کے کسی بھی بڑا فیصلہ لینے پر روک لگا دی تھی ۔عدالت نے ڈی ایس پی ای ایکٹ کے تحت اعلیٰ اختیاروالی کمیٹی سے اس معاملے میں ایک ہفتے کے اندر فیصلہ لینے کو کہا تھا۔عدالت نے یہ بھی کہا تھاکہ اب آلوک ورما سی بی آئی دفتر جا سکتے ہیں، لیکن کمیٹی کے آخری فیصلہ دینے تک وہ کوئی بڑا پالیسی سازفیصلہ نہیں لے سکتے۔ حالانکہ وہ روز مرہ کے کام کاج میں انتظامی فیصلے لیںگے۔
قابل ذکر ہے کہ انھوں نے عہدہ سنبھالتے ہی عبوری ڈائریکڑ ناگیشور راؤ کے ذریعے افسروں کے ٹرانسفر کے فیصلے کو واپس لے لیا تھا۔ معلوم ہو کہ سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما اور اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانا کے درمیان چھڑی جنگ عام ہونے کے بعد حکومت نے گزشتہ سال 23 اکتوبر کو دونوں افسروں کو ان کے حقوق سے محروم کرکے چھٹی پر بھیج دیا تھا۔ دونوں افسروں نے ایک دوسرے پر بد عنوانی کے الزام لگائے تھے۔ مرکز نے اس کے ساتھ ہی ایم ناگیشور راؤ کو جانچ ایجنسی کا عبوری ڈائریکٹر بنا دیا تھا۔
Categories: خبریں