خبریں

آلوک ورما معاملہ: ملکارجن کھڑگے نے وزیراعظم مودی کو لکھا خط، سی وی سی رپورٹ عام کرنے کی مانگ کی

لوک سبھا میں 10 جنوری کو ہوئی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں آلوک ورما کو ہٹانے کی سخت مخالفت کرنے والے کانگریسی رہنما ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ جانچ رپورٹ اور میٹنگ کے منٹس عام کیے جائیں تاکہ عوام اپنے نتائج نکال سکے۔

ملکارجن کھڑگے/ فوٹو: پی ٹی آئی

ملکارجن کھڑگے/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: لوک سبھا میں 10 جنوری کو ہوئی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں آلوک ورما کو ہٹانے کی سخت مخالفت کرنے والے کانگریسی رہنما ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے اور ان سے سی وی سی کی جانچ رپورٹ اور سلیکشن کمیٹی کے منٹس آف میٹنگ کو عام کرنے کی مانگ کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جسٹس اے کے پٹنایک کی جانچ رپورٹ اور 10 جنوری کو ہوئی میٹنگ کے منٹس کو جلد عام کیا جانا چاہیے تاکہ عوام اس معاملے میں اپنے نتائج نکال سکے۔

انھوں نے بغیر کسی تاخیر کے ڈائریکٹر کی تقرری کے لیے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ بلانے کے لیے بھی کہا ہے۔ انڈین ایکسپرس کی خبر کے مطابق؛ 2 صفحہ کے نوٹ پر تیکھی نوک جھونک اور سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر آلوک ورما کو عہدے سے ہٹانے کے لیے کیسے کام کیا گیا، اس پر سنجیدگی سے سوال اٹھاتی ہے۔ کھڑگے نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت کی چالاکی بھری کارروائی سیدھے جوڈیشیری کو گہری شرمندگی کی وجہ بنا رہی ہے۔

یہاں پڑھیں نریندر مودی کو بھیجے گئے ملکارجن کھڑگے کا خط:

kharge

kharge-2

اس سے پہلے آلوک ورما معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت والی سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہے ملکارجن کھڑگے نے گزشتہ سنیچر کو کہا تھا کہ حکومت نے کمیٹی کے ساتھ جسٹس اے کے پٹنایک کی رپورٹ کو شیئر نہیں کیا تھا۔غور طلب ہے کہ سپریم کورٹ نے اے کے پٹنایک کو آلوک ورما معاملے میں سی وی سی جانچ کی نگرانی کے لیے منتخب کیا تھا۔

کھڑگے نے کہا کہ ان کے ذریعے مانگ کرنے کے باوجود حکومت نے اے کے پٹنایک کی رپورٹ کو ان سے شیئر نہیں کیا۔ ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ عبوری ڈائریکٹر کی تقرری کرنے کے لیے میٹنگ میں کوئی چرچہ نہیں ہوئی تھی۔ ایڈمنسٹریٹو آرڈر کے ذریعے ایم ناگیشور راؤ کو سی بی آئی کا عبوری ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔