مرکزی حکومت کے ذریعےسی بی آئی کے ڈی آئی جی انیش پرساد کی مدت کار بیچ میں ہی ختم کرتے ہوئے ان کے کیڈر واپس بھیج دیا گیا ہے۔ وہ ان 14 افسروں میں شامل تھے، جن کا ورما-استھانا تنازعے کے بعد 24 اکتوبر کو تبادلہ کیا گیا تھا۔
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے سی بی آئی کے دو سینئر افسروں کی ایجنسی میں مدت کار درمیان میں ہی ختم کر دی ہے۔ منسٹری آف پرسنل نے بدھ کو اس سے متعلق ایک حکم جاری کیا۔ ان میں سے تریپورہ کیڈر کے 2003 بیچ کے آئی پی ایس افسر ڈی آئی جی انیش پرساد مبینہ طور پر سی بی آئی کے سابق چیف آلوک ورما اور اس وقت کے اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانا تنازعے کے مرکز میں تھے۔ Appointments Committee of the Cabinet (اے سی سی) نے بدھ کو ڈی آئی جی انیش پرساد کو ان کے کیڈر ریاست تریپورہ بھیجنے کو منظوری دے دی۔ ابھی ان کی مدت کار پوری ہونے میں ایک سال سے بھی زیادہ وقت بچا تھا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، ڈی او پی ٹی کی طرف سے جاری حکم میں کہا گیا کہ اے سی سی نے انیش پرساد کی مدت کار پوری ہونے سے پہلے ہی ان کو ان کے کیڈر ریاست بھیجنے کو منظوری دے دی ہے۔ پرساد کے علاوہ مرکزی حکومت نے ایک اور افسر ڈی آئی جی ابھے سنگھ کی مدت کار میں بھی کٹوتی کی ہے جبکہ دو افسروں کا پرموشن کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ابھے سنگھ کی مدت کار درمیان میں ہی ختم کر ان کو وزارت داخلہ میں تعینات کیا گیا ہے لیکن ان کی خدمات کے متعلق ابھی مرکزی وزارت داخلہ کو فیصلہ کرنا ہے۔ وہ مدھیہ پردیش کیڈر کے 2002 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں، جو رانچی میں تعینات تھے۔ ورما اور استھانا کے درمیانی تنازعے کے انتہا پر رہنے کے دوران پرساد ایس یو-1 (اسپیشل ) یونٹ کے ڈی آئی جی تھے۔ ایس یو یونٹ سی بی آئی کی خفیہ ونگ ہے اور الیکٹرانک نگرانی اور جاسوسی سے جڑی ہے۔
استھانا نے اکتوبر، 2018 میں سی وی سی کو خط لکھکر الزام لگایا تھا کہ سی بی آئی ان کی نجی زندگی میں مداخلت کر رہی ہے اور ان کی فیملی کے ممبروں کے ساتھ بات چیت کو ٹیپ کر رہی ہے۔ اس کے بعد سی بی آئی کے کئی افسروں نے سپریم کورٹ میں عرضیاں دائر کیں، جس میں فون ٹیپنگ کی تفصیلی جانکاری تھی اور بتایا گیا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوبھال جیسے اعلیٰ سرکاری افسروں کے فون ٹیپ کئے جا رہے ہوں۔
پرساد ان 14 افسروں میں شامل تھے، جن کا ورما اور استھانا کو آدھی رات کو چھٹی پر بھیجنے کے بعد 24 اکتوبر کو تبادلہ کیا گیا تھا۔ پرساد کا اس وقت ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر تبادلہ کیا گیا تھا۔ یہ فرمان رشی کمار شکلا کے سی بی آئی ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے دو دن بعد آیا ہے۔ شکلا کو سنیچر کو سی بی آئی ڈائریکٹر تقرر کیا گیا تھا۔
حکم کے مطابق، کوئلہ گھوٹالہ معاملے کی تفتیش کو دیکھ رہے سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر پروین سنہا کو ایڈیشنل ڈائریکٹر کے طور پر پرموٹ کیا گیا ہے۔ سنہا گجرات کیڈر کے 1988 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ سی بی آئی میں ڈی آئی جی کے طور پر کام کر رہے امت کمار کو جوائنٹ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔ چھتیس گڑھ کیڈر کے 1998 کے بیچ کے آئی پی ایس افسر امت کمار ایجنسی کے پالیسی ڈیویزن میں کام کر رہے تھے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں