خبریں

چھتیس گڑھ: حکومت نے اسکیموں سے دین دیال اپادھیائے کا نام ہٹایا

چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت نے مختلف اسکیموں کے نام سے دین دیال اپادھیائے کا نام ہٹاکر اسکیموں کا نام اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور بھیم راو امبیڈکر کے نام پر رکھ دیا ہے۔ بی جے پی نے اس پر اعتراض کیاہے۔

فوٹو بہ شکریہ: فیس بک / bjp.org

چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل اور دین دیال اپادھیائے۔ فوٹو بہ شکریہ: فیس بک / bjp.org

 نئی دہلی: چھتیس گڑھ میں حکمراں کانگریس نے Directorate of Urban Administration & Development کی پانچ اسکیموں سے پنڈت دین دیال اپادھیائے کا نام ہٹاکر سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکے  نام پر رکھ دیا ہے۔ریاست کے سینئر افسروں نے منگل کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے چھتیس گڑھ شہری انفراسٹرکچر ترقیاتی فنڈ سے چلنے والی ریاست کو فروغ دینے والی اسکیموں کے نام بدل دئے ہیں۔ یہ حکم سوموار کو جاری کیا گیا۔

افسروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے دین دیال اپادھیائے سواولمبن یوجنا کا نام بدل‌کر راجیو گاندھی سواولمبن یوجنا کر دیا ہے۔ وہیں، پنڈت دین دیال اپادھیائے سروسماج مانگلک بھون اسکیم کا نام اب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سروسماج مانگلک بھون اسکیم ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پنڈت دین دیال اپادھیائے ایل ای ڈی پتھ پرکاش اسکیم کا نیا نام اندرا پریہ درشنی ایل ای ڈی پتھ پرکاش یوجنا، پنڈت دیندیال اپادھیائے آجیوکا کیندر یوجناکا نام راجیو گاندھی آجیوکا کیندر یوجنا اور پنڈت دین دیال اپادھیائے شدھ پئے جل یوجناکا نام اندرا پریہ درشنی شدھ پئے جل یوجناکر دیا ہے۔

ریاست میں پنڈت دین دیال اپادھیائے کے نام سے شروع کی گئی اسکیموں کا نام بدلنے کو لےکر حزب مخالف جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔بی جے پی کے قومی نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ رمن سنگھ نے کہا کہ پارٹی اسکیموں سے پنڈت دین دیال اپادھیائے کا نام ہٹانے کو لےکر اسمبلی میں اپنی مخالفت درج کرائے‌گی۔

انہوں نے سوال کیا کہ حکومت نے ان اسکیموں کو بہتر بنانے کے لئے کیا کیا؟ اگر بنا اہتماموں کے صرف نام بدلا گیا ہے تو یہ’بدلا پور کی نئی کڑی ہے۔ ‘ سنگھ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے جان-بوجھ کر تمام اسکیموں کے نام پنڈت دین دیال اپادھیائے کی برسی پر بدلے ہیں۔ یہ ان کی ذہنیت کو دکھاتا ہے۔اس سے پہلے راجستھان کی اشوک گہلوت حکومت نے تمام سرکاری محکمہ جات کے لیٹر پیڈ(سرکاری دستاویز)سے بھارتیہ جن سنگھ کے صدر دین دیال اپادھیائے کے فوٹو/لوگو ہٹانے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی فوٹو کی جگہ پر قومی نشان استعمال کرنے کا حکم دیا تھا۔

غور طلب ہے کہ 11 دسمبر، 2017 کو ریاست کی بی جے پی حکومت نے دین دیال اپادھیائے کی صدی کی سالگرہ کے موقع پر حکم جاری کرکے سرکاری محکمہ جات کے لیٹر پیڈ میں دین دیال اپادھیائے کی فوٹو لگانا لازمی کر دیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)