خبریں

سابق سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کا نام دہلی یونیورسٹی کے پروگرام سے ہٹایا گیا

سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر آلوک ورما کو 9 جنوری کو دہلی یونیورسٹی کے شری رام کالج آف کامرس کے پروگرام میں بطور اسپیکر شامل ہونے کے لئے دعوت دی گئی تھی۔

آلوک ورما (فوٹو : پی ٹی آئی)

آلوک ورما (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر آلوک ورما کا نام دہلی  یونیورسٹی کے  شری رام کالج آف کامرس (ایس آر سی سی) کے اسٹوڈنٹس یونین بزنس کانکلیو 2019 کے مقررین کی فہرست سے ہٹا دیا گیا ہے۔افسروں کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعے آلوک ورما کو سی بی آئی  ڈائریکٹر کے عہدے پر بحال کرنے کے ایک دن بعد 9 جنوری کو دعوت بھیجی گئی تھی، جس میں ان سے 14 فروری یعنی جمعرات کو ہونے والے پروگرام میں اظہار خیال کے لیے مدعوکیا گیا تھا۔

اگلے دن وزیر اعظم نریندر مودی، جسٹس اے کے سیکری اور لوک سبھا میں کانگریس رہنما ملکارجن کھڑگے والی اعلی سطحی کمیٹی نے ان کو سی بی آئی ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔ حالانکہ، کھڑگے نے اس فیصلے پر اعتراض کیا تھا۔ورما کے ساتھیوں  کا کہنا ہے کہ کالج کے پروگرام میں بطور اسپیکر  ان کا نام ہٹائے جانے کی جانکاری ان کو دے دی گئی ہے۔

ایک افسر نے پہچان ظاہر نہیں کرنے کی شرط پر اس واقعے کو لےکر کہا کہ کالج انتظامیہ کی طرف سے منظوری نہیں دی گئی اس لئے وہ (ورما) اس پروگرام میں شرکت نہیں کریں‌گے۔افسر نے بتایا کہ ان کے استعفیٰ دینے سے پہلے 9 جنوری کو ان کو دعوت دی گئی تھی۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا آلوک ورما کو مدعو کرنے سے پہلے کالج انتظامیہ سے منظوری مانگی گئی تھی۔

 اس پر افسر نے کہا کہ ہاں لی گئی تھی لیکن اس پورے معاملے اور دیگر کچھ مدعوں کے اجاگر ہونے کے بعد کالج کی آرگنائزر کمیٹی نے ان کا نام  ہٹانے کا فیصلہ کیا۔اس معاملے پر ایس آر سی سی کی پرنسپل سمرت کور نے کہا کہ وہ اس دعوت اور اس کے بعد کے واقعے سے واقف  نہیں ہیں۔

غور طلب ہے  کہ جانچ  بیورو کے ڈائریکٹر آلوک کمار ورما اور بیورو کے اسپیشل  ڈائریکٹر راکیش استھانا کے درمیان چھڑی جنگ عام  ہونے کے بعد حکومت نے گزشتہ سال 23 اکتوبر کو دونوں افسروں کو ان کے اختیارات  سے محروم کر کے چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دونوں افسروں نے ایک دوسرے پر بد عنوانی کے الزام لگائے تھے۔

اس کے بعد سپریم کورٹ نے آلوک ورما کو 8 جنوری 2018 کو دوبارہ سی بی آئی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر بحال کر دیا تھا۔ حالانکہ گزشتہ  10 جنوری کو وزیر اعظم کی صدارت میں اعلیٰ  اختیار حاصل کمیٹی نے ان کو سی بی آئی ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)