گجرات کے وڈودرا میں ایک میٹنگ کے دوران بی جے پی رہنما بھرت پانڈیا نے کہا کہ پورا ملک راشٹرواد کے جذبے کے ساتھ متحد ہو کر کھڑا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس اتحاد کو ووٹ میں بدل دیں۔
نئی دہلی: گجرات میں بی جے پی کے ترجمان بھرت پانڈیا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پلواما ضلع میں سی آر پی ایف جوانوں پر حملے کے بعد اس وقت ملک میں راشٹر واد کی جو لہر اٹھی ہے، اس کو ووٹوں میں بدلا جائے۔ وڈودرا میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے بوتھ سطح کے کارکنوں کی میٹنگ کے دوران پانڈیا نے کارکنوں سے یہ کہا۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛ پانڈیا نے گزشتہ سوموار کو بی جے پی کارکنوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا،’ جموں و کشمیر میں حملہ ہوا۔ آپ نے مناظر دیکھیں ہوں گے۔ سبھی اختلاف رائےکو ایک طرف رکھتے ہوئے، لوگ راشٹر واد کے جذبے کو لے کر ایک ساتھ آئے ہیں۔ لوگوں نے ریلیوں اور آندولن کے ذریعے سے ملک کے لیے اپنا پیار دکھایا ہے۔ جب منموہن حکومت کے دوران ممبئی میں دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے،تب کیسا ماحول تھا؟ پارلیامنٹ میں کس طرح کے مدعے اٹھائے جا رہے تھے؟’
انھوں نے مزید کہا،’ چرچہ اس بارے میں تھی کہ کیا مقامی لوگ ،جو دہشت گردوں کی حمایت کر رہے تھے،کی جانچ کی جا رہی تھی اور ان کو سکیورٹی ایجنسیوں کے ذریعے گرفتار کیا گیا تھا…لیکن آج حالات بہت الگ ہیں۔’پانڈیا کا کہنا ہے کہ پلواما حملے کے مد نظر پہلے ہی کئی کارروائی کی جا چکی ہے۔ ملک کے شہری دیر رات تک جاگ کر دیکھتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف کیا کارروائی کی جا رہی ہے۔
آج ملک کا یہ جذبہ ہے۔پورا ملک راشٹرواد کے جذبےکے ساتھ متحد ہو کر کھڑا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس اتحاد کو یکمشت ووٹ میں بدلیں۔بی جے پی ترجمان نے کارکنوں کو تنبیہ کی کہ کسی بھی ایسے الفاظ کا استعمال نہیں کرنا ہے، جس سے پارٹی کا نام بدنام ہو۔ ایسے الفاظ کا استعمال کیا جائے،جو دوا کی طرح کام کرے۔
Categories: خبریں