پاکستانی نشانے بازوں کو ویزا نہ دینے کی و جہ سے انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی(آئی او سی)پہلے ہی مستقبل میں ہندوستان میں ہونے والے عالمی انعقادکی میزبانی پر روک لگا چکی ہے۔
نئی دہلی: یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو)نے اپنے ساتھ کام کرنے والے سبھی دوسرے ممالک کے ریسلنگ فیڈریشن کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا(ڈبلیو ایف آئی)کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس نے حال میں ہندوستان میں ہوئے ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی نشانے بازوں کو ویزا دینے سے انکار کر نے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ اس سے پہلے پاکستانی نشانے بازوں کو ویزا نہ دینے کی وجہ سے انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی( آئی او سی )نے بھی مستقبل میں ہندوستان میں ہونے والے عالمی انعقادکی میزبانی پر روک لگا دی ہے۔ یو ڈبلیو ڈبلیونے دوسرے ممالک کے ریسلنگ فیڈریشن کو اس بارے میں ایک خط لکھا ہے۔ اس نے خط میں کہا،’ یو ڈبلیو ڈبلیوسبھی متعلقہ قومی کشتی ادروں سے گزارش کرتی ہے کہ وہ ہندوستانی کشتی ادارے سے اپنے تعلقات ختم کر دیں۔
دراصل ہندوستان نے 14 فروری کو پلواما میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے مد نظر پاکستانی نشانے بازوں کو ورلڈ کپ کے لیے ویزا دینے سے منع کر دیا تھا۔ نتیجتاً آئی او سی نے مینس 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں ملنے والے دو اولمپک کوٹے رد کر دیے تھے۔اسکرال ڈاٹ ان کے مطابق؛یہ حکم تب تک نافذ رہے گا جب تک کہ حکومت ہند آئی او سی کی تنبیہہ کے تحت تحریری بھروسہ نہیں دے دیتی ہے۔
ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن نے کہا کہ انھوں نے فی الحال خط نہیں دیکھا ہے۔ وہ خط دیکھنے کے بعد ہی کوئی تبصرہ کریں گے۔اس سے ہندوستان کے جونیئر ایشین چیمپئن شپ کے انعقاد کرنے کے حق پر خطرہ منڈرانے لگا ہے جس کو لبنان کے انکار کے بعد یو ڈبلیو ڈبلیو-ایشیا نے ہندوستان کو سونپا تھا۔
Categories: خبریں