خبریں

اتر پردیش: مظفر نگر میں 17 سالہ دلت لڑکی  کے ساتھ گینگ ریپ

ملزمین نے واقعہ کا ایک ویڈیو بھی بنا لیا تھا اور متاثرہ لڑکی کو اس کی جانکاری کسی کو بھی دینے پر ویڈیوکو عام کرنے کی دھمکی دی تھی۔پانچوں ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Muzaffarnagar

نئی دہلی:اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں 17 سالہ  دلت نابالغ سے 5 نوجوانوں نے مبینہ طور پر گینگ ریپ کیا۔پولیس نے سوموار کو یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمین نے واقعہ کا ایک ویڈیو بھی بنایا ۔انھوں نے بتایا کہ یہ معاملہ اتوار کو رتن پوری پولیس تھانہ حلقے میں آنے والے پھولیٹ گاؤں میں ہوا۔متاثرہ کے بھائی کے ذریعے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق؛لڑکی مویشیوں کے لیے چارہ لینے کھیتوں میں گئی تھی جہاں ملزمین نے اس کو پکڑ لیا اور اس کے ساتھ گینگ ریپ کر اس کا ویڈیو بنا لیا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزمین نے متاثرہ لڑکی کو اس کی جانکاری کسی کو بھی دینے پر ویڈیوکو عام کرنے کی دھمکی دی ۔رتن پوری پولیس تھانے کے ایس ایچ او کمل سنگھ چوہان نے دی وائر سے بات چیت میں بتایا،’اس معاملے میں ملزم 5 لوگوں کو گرفتار کر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ان سبھی پر 376(ڈی)اور تعزیرات ہند کی دفعہ 500 اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کی دفعہ 3(2)( v)کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔’

انھوں نے مزید بتایا،’لڑکی اپنے گھر کے قریب ایک کھیت میں گئی ہوئی تھی،جب اس کے ساتھ یہ ہوا۔متاثرہ کو میڈیکل سہولیات مہیا کرائی جا رہی ہیں۔ملزمین نے پورے واقعہ کا ویڈیو بھی بنایا تھا۔ ان کا سامان ضبط کر کے ان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے 8 مارچ کو بھی مظفر نگر میں ہی ایک 15 سالہ لڑکی کے ساتھ گینگ ریپ کا معاملہ سامنے آیا تھا۔اس معاملے میں لڑکی کو بندوق دکھا کر 4 لوگوں نے ریپ کیا تھا۔وہیں 13 مارچ کو اتر پردیش کے بلند شہر میں بھی گینگ ریپ کا معمالہ سامنے آیا تھا۔پولیس افسر کے مطابق؛ملزمین نے لڑکی کو اس وقت پکڑا تھا جب وہ اپنے بھائی کے ساتھ ایک شادی کی تقریب سے لوٹ رہی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)