خبریں

اگر بی جے پی کارکنوں پر کسی نے انگلی اٹھائی تو وہ انگلی سلامت نہیں رہے گی : مرکزی وزیر

مرکزی وزیر اور غازی پور بی جے پی ایم پی منوج سنہا نے کہا کہ پوروانچل کا کوئی بھی مجرم غاری پور میں گھس نہیں سکتا اور بی جے پی کے کارکنوں کو ترچھی نگاہ سے نہیں دیکھ سکتا۔ اگر اس نے ایسا کرنے کی حماقت کی تو اس کی آنکھیں نہیں رہیں گی ۔

فوٹو بہ شکریہ : فیس بک

فوٹو بہ شکریہ : فیس بک

نئی دہلی : مرکزی وزیر اور غازی پور سے موجودہ ایم پی منوج سنہا نے دھمکی دی ہے کہ جو بھی شخص کسی بی جے پی کارکن کی طرف انگلی اٹھائے گا ، اس کو صرف ‘چارگھنٹے ‘ میں اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔غازی پور سیٹ سے پھر سے لوک سبھا کا انتخاب لڑ رہے سنہا  جمعرات کی شام کو غازی پور ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 40 کیلو میٹر دور سید پور علاقے میں ‘کسان پنچایت سمیلن’ کو خطاب کر رہے تھے۔

59 سالہ ایم پی منوج سنہا نے کہا ، بی جےپی کارکن بدعنوانی اور مجرمانہ سرگرمیوں کے ذریعے جمع کی گئی  آمدنی کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ میں آپ کو اطمینان دلاتا ہوں کہ اگر کسی بی جے پی کارکن کی طرف کوئی بھی انگلی اٹھی تو چار گھنٹے میں وہ انگلی سلامت نہیں رہے گی ۔انہوں نے کہا، پوروانچل کا کوئی بھی مجرم غاری پور میں گھس نہیں سکتا اور بی جے پی کے کارکنوں کو ترچھی نگاہ سے نہیں دیکھ سکتا۔ اگر اس نے ایسا کرنے کی حماقت کی تو اس کی آنکھیں نہیں رہیں گی ۔

مرکزی وزیر منوج سنہا مافیا سے لیڈر بنے مختار انصاری کے بھائی افضال انصاری کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔ منوج سنہا بی جے پی سے 3 بار ایم پی رہ چکے ہیں ۔ اس وقت منوج سنہا ریلوے اور آئی ٹی منسٹری میں وزیر مملکت ہیں ۔ غازی پور میں ساتویں مرحلے کے تحت 19 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق، گزشتہ ہفتے منوج سنہا نے ایک عوامی اجلاس میں کہا تھا کہ ہندوستان کو دہشت گردی کا سامنا نہیں کر نا پڑتا اگر جواہر لال نہرو کی جگہ سردار ولبھ بھائی پٹیل  پہلے وزیر اعظم ہوتے ۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)