مہاراشٹر کے وزیر صحت ایکناتھ شندے نے اسمبلی میں بتایا کہ پچھلے سال ایک اپریل سے اس سال فروری تک ایچ آئی وی سے 2460 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
نئی دہلی : مہاراشٹر کے وزیر صحت ایکناتھ شندے نے گزشتہ منگل کو بتایا کہ ریاست میں پچھلے ایک سال میں ایچ آئی وی کی وجہ سے 2400 سے زائد لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
شندے نے شیوسینا ایم ایل اے ولاس پوتنیس کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ، مہاراشٹر میں (ایچ آئی وی سے)پچھلےسال ایک اپریل سے اس سال فروری تک 2460 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ حکومت نے ان لوگوں کی جانچ پروسس کو روکا نہیں ہے جن میں ایچ آئی وی کا اندیشہ ہے ۔ اس منصوبے کے لیے ضروری مالی مدد اب بھی جاری ہے۔
شندے نے کہا کہ ہندوستانی قومی ایڈس سوسائٹی کے بتائے اقدام کے نفاذ میں کوئی تاخیر نہیں کی گئی ہے۔
ایچ آئی وی سے ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد صرف مہاراشٹر میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں کافی زیادہ ہے ۔ وزارت صحت کی اس وقت کی وزیر مملکت انوپریا پٹیل کی جانب سے ایک جنوری 2009 کو راجیہ سبھا میں دیے گئے ایک جواب کے مطابق سال 2017 میں تقریباً 87000 لوگوں کی موت ایچ آئی وی کی وجہ سے ہوئی تھی ۔
وہیں 69000 سے زائد لوگوں کی موت ایڈس کی وجہ سے ہوئی ۔ قابل ذکر ہے کہ 2017 میں تقریباً 22675 حاملہ خواتین کو ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے اینٹیریٹرووائرل تھیراپی کی ضرورت پڑی تھی ۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں