خبریں

بجٹ 2019: پیٹرول ڈیزل پر سیس میں 1 روپے کا اضافہ، سونا بھی ہوگا مہنگا

وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ ملک میں 400 کروڑکا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو اب 25 فیصد کی شرح سے کارپوریٹ ٹیکس دینا ہوگا۔

فوٹو: بہ شکریہ پی آئی بی

فوٹو: بہ شکریہ پی آئی بی

نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جمعہ کو بجٹ میں پیٹرول اور ڈیزل پر سیس میں فی لیٹر 1 روپے کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سونے پر کسٹم ڈیوٹی کو 10 فیصدی سے بڑھا کر 12.5فیصد کیا گیاہے۔سیتا رمن نے مودی حکومت کی دوسری مدت کار کا پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2 کروڑ سے 5 کروڑ روپے اور 5 کروڑ روپے سے زیادہ کے آمدنی والے ٹیکس پیئرس پر سر چارج بڑھایا گیا ہے۔

بجٹ 2019-20 کا ٹیکس سے متعلق حصہ

بجٹ 2019-20 کا ٹیکس سے متعلق حصہ

انھوں نے کہا کہ 50 کروڑ سے اوپر کا کاروبار کرنے والے اداروں میں ڈیجیٹل لین دین پر کوئی مرچینٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ فیس نہیں لگے گی۔ بینک اکاؤنٹ سے 1 کروڑ روپے سے زیادہ نکالنے پر 2 فیصد کی شرح سے ٹی ڈی ایس لگانے کا اعلان کیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سال الیکٹرانک طریقے سے ٹیکس ریٹرن کے تجزیے کا پروسیس شروع کیا جا رہا ہے، جس میں متعلقہ شخص کو افسر کے سامنے نہیں آنا پڑے گا۔

وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے مالی سال  2019-20کا عام بجٹ  جمعہ کو لوک سبھا میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی عوام نے مینڈیٹ کے ذریعے سے ہمارے ملک کے مستقبل کے لیے اپنے 2 ہدف’نیشنل سکیورٹی اور اکانومک گروتھ’ پر مہر لگائی ہے۔

اس سال کے بجٹ میں 1 کروڑ 95 لاکھ لوگوں کو گھر دلانے، نجی ٹوائلٹ، ہر فیملی کو بجلی دینے، اپنا گیس کنیکشن، پورے ملک کے لیے ‘ون نیشن ون گرڈ’ کو حقیقی بنانے کا ہدف، ٹھیلہ اور کھومچا لگانے والے 3 کروڑ کاروباریوں کے لیے پنشن کی اسکیم لے کر آنے، پردھان منتری سمان ندھی کا دائرہ بڑھانے اور 2024 تک’ ہر گھر نل’ منصوبے کا اعلان اہم ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)