خبریں

مہاراشٹر: انجینئر پر کیچڑ پھینکنے کے معاملے میں کانگریس ایم ایل اے نتیش رانے گرفتار

جمعرات کو کانگریس ایم ایل اے اور سابق وزیراعلیٰ نارائن رانے کے بیٹے نتیش رانے ممبئی گووا ہائی وے کے پاس کانکاؤلی پہنچے تھے، جہاں انجینئر ایک پل کا معائنہ کر رہے تھے۔ اس دوران راستے میں کئی جگہ گڑھے نظر آنے  پر ناراض  نتیش نے انجینئر کو ڈانٹا اور ان پر کیچڑ ڈال‌کر پل سے باندھ دیا۔

نیلی قمیص میں کانگریس ایم ایل اے نتیش رانے اور انجینئر (فوٹو: بہ شکریہ فیس بک)

نیلی قمیص میں کانگریس ایم ایل اے نتیش رانے اور انجینئر (فوٹو: بہ شکریہ فیس بک)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے ممبئی میں ایک انجینئر پر کیچڑ پھینکنے کے معاملے میں پولیس نے کانگریسی ایم ایل اے نتیش رانے سمیت ان کے دو حامیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر آئی پی سی کی کئی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔اس معاملے میں ان کو جمعہ کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے‌گا۔ نتیش رانے بی جے پی سے راجیہ سبھا ممبر اور مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ نارائن رانے کے بیٹے ہیں۔

نارائن رانے کے خلاف سندھودرگ ضلع کے کڈال پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ انہوں نے جمعرات دیر شام کو سرینڈر  کر دیا۔آئی پی سی کی دفعہ 353، 342، 332، 324، 323، 120 (اے)، 147، 143، 504، 506 کے تحت ان کے اور ان کے 40-50 حامیوں  کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جس کے بعد پولیس نے ان کو ان کے دو حامیوں کے ساتھ گرفتار کر لیا۔

سندھودرگ کے ایس پی دیکشت گیڈام نے بتایا کہ کانگریس ایم ایل اے نے کانکاؤلی پولیس اسٹیشن میں سرینڈر کیا ہے۔ ان کو اور ان کے کئی حامیوں کے خلاف کئی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔یہ پورا واقعہ ممبئی- گووا ہائی وے کے پاس کانکاؤلی علاقے کا ہے۔ یہاں انجینئر ایک پل کا جائزہ لے رہے تھے کہ تبھی وہاں نتیش رانے اپنےحامیوں سمیت معائنہ کرنے پہنچے۔ ان کو راستے میں کئی جگہ گڑھے نظر آئے، جس پر وہ بری طرح بھڑک گئے اور انجینئر کو ڈانٹنے لگے۔

اس کے بعد رانے کے حامیوں نے انجینئر پر کیچڑ پھینک دیا اور ان کو پل سے باندھ دیا۔ حالانکہ، نتیش رانے کے والد نارائن رانے نے بیٹے کی اس غلطی کے لئے معافی مانگ لی ہے۔نارائن رانے نے کہا، ‘ میں ایک سرکاری افسر پر کیچڑ پھینکنے کے اپنے بیٹے کی حرکت  پر معافی مانگتا ہوں۔ یہ مخالفت (شاہراہ کی خراب حالت کے خلاف) مقامی لوگوں کے لئے تھی لیکن ان کے (نتیش) حامیوں کی طرف سے کی گئی مارپیٹ غلط ہے۔ میں اس کی حمایت نہیں کرتا ہوں۔ ‘

مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ رہے نارائن رانے نے کہا کہ  ہائی وے کی دقتوں کو لےکر مظاہرہ کرنا ٹھیک ہے۔ لیکن نتیش رانے اور ان کے حامیوں کے ذریعے سرکاری ملازم کے ساتھ کیا گیا ایسا برتاؤ صحیح نہیں ہے ۔ نارائن رانے نے آگے کہا، ‘ میں اس کی حمایت نہیں کرتا۔ ‘غور طلب ہے کہ نتیش رانے کی طرف سے کسی سرکاری ملازم کے ساتھ بد سلوکی کرنے کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے سال 2017 میں ایک میٹنگ کے دوران  انہوں نے ایک سینئر سرکاری افسر کے ساتھ بد تمیزی کی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)