خبریں

بی جے پی ایم ایل اے نے کانگریس ایم ایل اے عرفان انصاری سے کہا، تیرے آباواجداد بھی جئے شری رام والے تھے

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ایک ویڈیو میں جھارکھنڈ کی بی جے پی حکومت میں وزیر سی پی سنگھ، کانگریس ایم ایل اے عرفان انصاری سے ’ جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے کے لئے کہتے نظر آ رہے ہیں۔

جھارکھنڈ میں بی جے پی حکومت کے وزیر سی پی جوشی  اور کانگریس ایم ایل اے عرفان انصاری (بائیں)۔

جھارکھنڈ میں بی جے پی حکومت کے وزیر سی پی جوشی  اور کانگریس ایم ایل اے عرفان انصاری (بائیں)۔

نئی دہلی:سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں بی جے پی ایم ایل اے اور جھارکھنڈ  کے وزیر سی پی سنگھ ،کانگریس ایم ایل اے عرفان انصاری سے ‘ جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے کے لئے کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔اس ویڈیو میں جھارکھنڈ اسمبلی کے باہر میڈیا کے سامنے سی پی جوشی کو کانگریس رہنما عرفان انصاری سے الجھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جھارکھنڈ اسمبلی کے باہر کانگریس ایم ایل اے عرفان انصاری ایک صحافی کو بتا رہے تھے کہ ‘ جئے شری رام ‘ کا نعرہ اسمبلی میں لگایا گیا کیونکہ انتخاب قریب آ رہے ہیں اور جھارکھنڈ کو وکاس چاہیے، روزگار چاہیے۔ جب نوکریاں نہیں ہیں، تب بی جے پی اس نعرے کے پیچھے چھپ رہی ہے۔عرفان انصاری کی اس بات پر صحافی بی جے پی ایم ایل اے اور وزیر سی پی سنگھ سے بیان دینے کے لئے مائک بڑھا دیتا ہے۔ ویڈیو میں تب سی پی سنگھ عرفان انصاری سے ‘ جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے کے لئے کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو میں سی پی سنگھ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، ‘ میں کہتا ہوں عرفان بھائی ایک بار زور سے لگائیے ؛ جئے شری رام ۔ ‘اس کے بعد سی پی سنگھ ‘ جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگاتے ہیں۔ اس پر عرفان انصاری کہتے ہیں، ‘ سرکار، آپ ڈرانے کے لئے یہ کر رہے ہیں کیا۔ آپ ڈرا نہیں سکتے۔ ‘اس پر سی پی سنگھ ان کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہتے ہیں، ‘ میں ڈرانے کے لئے نہیں بھائی… ارے تیرے آباواجداد بھی جئے شری رام والے تھے، بھلاؤ مت۔ آپ کے آباواجداد بابر نہیں تھے۔ ‘

تب عرفان انصاری کہتے ہیں، ‘ رام کو بدنام مت کیجئے، رام سب کے تھے۔ لوگوں کو کام چاہیے، روزگار چاہیے، نالی چاہیے، سڑک چاہیے، بجلی چاہیے۔ ‘سی پی سنگھ پھر دوہراتے ہیں، ‘ آپ کے آباواجداد بابر نہیں تھے، تیمور لنگ نہیں تھے۔ آپ کے آباواجداد گوری اور غزنی نہیں تھے، یہ بات یاد رکھیے‌گا۔ ‘

پھر کانگریس ایم ایل اے عرفان انصاری کہتے ہیں، ‘ رام کس حال میں ہیں آپ جانتے ہیں، جائیے دیکھ‌کر آئیے ایودھیا میں کس حال میں ہیں رام۔ ‘اس پر ایک بار پھر بی جے پی ایم ایل اے کہتے ہیں، ‘ آپ کے آباواجداد بھی جئے شری رام تھے۔ آپ کے آباواجداد تیمور لنگ نہیں تھے۔ گوری اور غزنی نہیں تھے۔ ‘

انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں کانگریس ترجمان راجیش ٹھاکر نے کہا، ‘ سی پی سنگھ بھگوان رام پر سیاست کر رہے ہیں۔ ایسا کرنے والے وہ ہوتے کون ہیں۔ لوگ عقیدہ اوریقین کے ساتھ جئے شری رام کا نعرہ لگاتے ہیں،دکھاوے کے لیے نہیں۔’