خبریں

اتر پردیش: امیٹھی میں فوج کے ریٹائر کیپٹن کا پیٹ پیٹ کر قتل

یہ معاملہ امیٹھی ضلع‎ کے گوڈین کے پروا گاؤں کا ہے۔ نامعلوم بدمعاش فوج کے ریٹائر کیپٹن امان اللہ خان کے گھر کے پاس  دکان سے چوری کر رہے تھے۔ امان اللہ خان کی بیوی نے بتایا کہ ان کے شوہر نے چوری کی مخالفت کی تھی۔

فوج کے ریٹائر کیپٹن کے قتل کے بعد جائے واردات کا معائنہ کرتی پولیس (فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)

فوج کے ریٹائر کیپٹن کے قتل کے بعد جائے واردات کا معائنہ کرتی پولیس (فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)

نئی دہلی: اتر پردیش کے امیٹھی میں کمرولی تھانہ حلقے کے گوڈین کے پروا گاؤں میں 28 جولائی کی دیر رات کو فوج کے ایک ریٹائر کیپٹن امان اللہ خان کا نامعلوم بدمعاشوں نے لاٹھی-ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔امان اللہ خان کے بیٹے ابراہیم نے بتایا کہ ان کے ماں باپ سڑک کنارے بنے مکان میں رہتے تھے۔ رات کو کچھ بدمعاش گھر آئے اور والد امان اللہ خان اور ماں امینہ کو رسی سے باندھ دیا اور والد کے سر پر لاٹھی-ڈنڈوں سے وار کر کے ان کا قتل کر دیا۔امیٹھی کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس دیارام نے اتوار کو بتایا کہ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ معاملے کی تفتیش چل رہی ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے اس واقعہ کو لےکر اتر پردیش کے یوگی آدتیہ ناتھ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، ‘ یوپی کا لاء اینڈ آرڈر اب انتظامیہ کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔ جرم ہوتے جا رہے ہیں لیکن بی جے پی حکومت کی منشا صرف لیپا پوتی کرنے کی ہے۔ یہ میرے گھر امیٹھی کا واقعہ ہے۔ کیا بی جے پی حکومت سے واقعی  اس مسئلہ کا کوئی حل نکلے‌گا یا اسی طرح لیپاپوتی کر کے سوتی رہے‌گی؟ ‘

اے ایس پی دیارام نے بتایا کہ امان اللہ خان کی بیوی نے پولیس کو بتایا کہ کچھ لوگ ان کے گھر سے سٹی دکان سے چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جب ان کے شوہر نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ وہ پولیس کو اس کی اطلاع دے دیں‌گے۔ اس پر وہ لوگ ان کے گھر میں گھسے اور اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔ حملہ آوروں نے ان کا گلا گھونٹنے کی بھی  کوشش کی۔

امان اللہ خان کے بیٹے ابراہیم نے بتایا کہ جب واقعہ ہوا تو فیملی کا کوئی دوسرا ممبر گھر میں موجود نہیں تھا۔ ابراہیم کی تحریر پر نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف معاملہ درج کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات چیت میں امیٹھی کے ایس پی راجیش کمار نے بتایا، ‘ مرنے والے اور ان کی بیوی اپنے نئے بنے گھر میں سو رہے تھے جب چور ان کے گھر کے باہر رکھے ایک ٹھیکے دار کا سڑک تعمیر سے جڑے سامان چوری کر رہے تھے۔ امان اللہ خان نے اس کی مخالفت کی تھی جس کے بعد ان کا پیٹ پیٹ‌کر قتل کر دیا گیا ہے۔ اس بارے  میں کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)