خبریں

اناؤ ریپ کیس: متاثرہ کے ایکسیڈنٹ معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے پر قتل کا مقدمہ درج

بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر پر ریپ کا الزام لگانے والی لڑکی اتوار کو اتر پردیش کے رائے بریلی کی  جیل میں بند اپنے چچا سے ملنے گئی ہوئی تھیں۔ اس دوران ایک ٹرک نے ان کی کار میں ٹکر مار دی تھی۔حادثے میں متاثرہ کی چاچی اور موسی کی موت ہو گئی جبکہ متاثرہ اور ان کے وکیل سنگین طور پر زخمی ہیں۔

کلدیپ سینگر (فوٹو : پی ٹی آئی) 

کلدیپ سینگر (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر پر ریپ کا الزام لگانے والی لڑکی اتوار کوایک سڑک حادثے میں سنگین طور پر زخمی ہو گئی۔اترپردیش کے رائے بریلی میں ہوئے اس حادثے میں متاثرہ کی دو رشتہ داروں کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں سوموار کو بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر سمیت 10 نامزد اور 20-15 نا معلوم لوگوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

رائے بریلی کےگرو بکش گنج تھانے میں متاثرہ کے چاچا مہیش سنگھ کی تحریر پر بی جے پی ایم ایل اے سینگر اور ان کے بھائی منوج سینگر کے ساتھ ساتھ ونود مشر، ہری پال سنگھ،نوین سنگھ،کومل سنگھ ،ارون سنگھ،گیانیندر سنگھ اور رنکو کے خلاف نامزد اور20-15 نا معلوم لوگوں کے خلاف قتل،قتل کی کوشش اور سازش کرنے کے الزام میں مقدمہ درج  کیا گیاہے۔

تحریر میں الزام لگایا گیا ہے کہ اناؤ سے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگرخود پر مقدمہ درج کرانے والی اناؤ کے ماکھی علاقے کی رہنے والی لڑکی کے رشتہ داروں کو جیل سے اپنے ساتھیوں کے ذریعے فون پر بات کر کے مقدمہ واپس لینے کی دھمکی دیتے تھے۔

متاثرہ کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ اس  حادثہ کے لیے بی جے پی ایم ایل اے ذمہ دارہے۔ان کا کہنا ہے کہ،’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ایم ایل اے کے لوگ ذمہ دار ہیں۔یہ لوگ گزشتہ کوئی دنوں سے دھمکی دے رہے تھے۔جب بھی ہم کورٹ جاتے تھے تو کہتے تھےکہ وہ بھلے ہی جیل میں ہیں ،لیکن ان کے آدمی باہر ہیں۔وہ جیل کے اندر موبائل فون استعمال کرتا تھا۔ہمیں انصاف چاہیے۔’

متاثرہ کے چاچا مہیش سنگھ نے الزام لگایا ہے کہ،’ان کو یقین ہے کہ رائے بریلی میں لڑکی اور اس کے گھر والوں کا کار میں قتل کرنے کی نیت سے ٹرک کو ٹکرایا گیا۔ غور طلب ہے کہ   متاثرہ اپنی فیملی کے ساتھ رائےبریلی جیل میں بند اپنے چچا سے ملنے جا رہی تھی تھیں۔ حادثہ رائے بریلی جیل سے 15 کلومیٹر دور تب ہوا جب فتح پور سے آ رہی ایک ٹرک سے ان کی کار کی ٹکر ہو گئی۔

حادثہ گروبکش گنج تھانہ حلقے میں رائے بریلی-باندا ہائی وے پر سلطان پور کھیڑا موڑ‌کے پاس ہوا۔ ٹرک کا نمبر یوپی 71 اے ٹی 8300 ہے اور نمبر پلیٹ ٹرک کے آگے اور پیچھے دونوں طرف لگے ہوئے ہیں۔ حالانکہ دونوں طرف کے نمبر پلیٹوں پر گریس پوتا گیا تھا، تاکہ نمبر نہ دکھ سکے۔ان حالات کو دیکھتے ہوئے اس سڑک حادثے پر سوال اٹھ رہے تھے۔

حادثے میں لڑکی  کی چاچی اور موسی کی موت ہو گئی، جبکہ لڑکی اور ان کا مقدمہ لڑ رہے وکیل شدیدطور پر زخمی ہیں اور ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔اناؤکے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم کے ورما نے بتایا، ‘ جس وقت حادثہ ہوا اس وقت متاثرہ کو مہیا کرائے گئے سکیورٹی گارڈ ان کے ساتھ نہیں تھے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ تفتیش ختم ہونے کے بعد کارروائی کی جائے‌گی۔ ‘

غور طلب ہے کہ اس ریپ کے معاملے میں اتر پردیش میں اناوؤضلع کے بانگرمؤ سے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر ملزم ہیں۔ فی الحال وہ اور ان کے بھائی اتل سینگر جیل میں بند ہیں۔ لڑکی  کا الزام ہے کہ سال 2017 میں بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر نے ان کا اغوا کر کے ان کے ساتھ ریپ کیا تھا۔

گزشتہ سال اناؤریپ معاملہ قومی سطح پر تب سرخیوں میں آیا تھا جب ریپ کی متاثرہ اور ان کی ماں نے لکھنؤ میں اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ کے سامنے خودسوزی کی کوشش کی تھی۔اس کے بعد متاثرہ کے والد کی پولیس حراست میں موت ہو گئی تھی۔ پولیس نے ان کو آرمس ایکٹ کے تحت حراست میں لیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کے جسم پر چوٹ کے نشان پائے جانے کی بات سامنے آئی تھی۔

یوپی پولیس کے ذریعے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کا بچاؤ کرنے کے الزامات کے بعد یہ معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے معاملے میں تین ایف آئی آر درج کی ہیں۔ یہ معاملے لڑکی کے مبینہ ریپ، اس کے والد کا قتل اور لڑکی کے الد پر آرمس ایکٹ کے تحت درج معاملہ جس کی بنیاد پر پولیس نے ان کو گرفتار کیا تھا،سے جڑے ہوئے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)