خبریں

مودی حکومت نے گزشتہ 5 سالوں میں 1 کروڑ سے زیادہ پیڑ کاٹنے کی اجازت دی

لوک سبھا میں ماحولیات کے وزیرمملکت بابل سپریو نے گزشتہ دنوں بتایا تھا کہ سال 2014 سے 2019 کے بیچ  منسٹری آف انوائرمنٹ نے ترقیاتی کاموں کے لئے 1.09 کروڑ پیڑ کاٹنے کی اجازت دی۔ کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت پیڑ کٹواکر ملک کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔

(فوٹو بہ شکریہ : پی آئی بی)

(فوٹو بہ شکریہ : پی آئی بی)

نئی دہلی: وزارت ماحولیات نے پچھلے پانچ سالوں میں ایک کروڑ سے زیادہ پیڑوں کو کاٹنے کی اجازت دی۔ گزشتہ 26 جولائی کو مرکز کے ذریعے لوک سبھا میں دی گئی جانکاری سے یہ انکشاف  ہوا ہے۔بی جے پی رکن پارلیامان روی کشن اور راجیو پرتاپ روڑی کے ذریعے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ماحولیات کے وزیرمملکت بابل سپریو نے بتایا کہ سال 2014 سے 2019 کے درمیان وزارت ماحولیات نے ترقیاتی کاموں کے لئے 1.09 کروڑ پیڑ کاٹنے کی اجازت دی۔

اس میں سے سب سے زیادہ سال 2018-19 میں 26.91 لاکھ پیڑ کاٹنے کی اجازت دی گئی تھی۔ بابل سپریو نے کہا کہ جنگل میں آگ لگنے کی وجہ سے تباہ ہوئے پیڑوں کی جانکاری وزارت کے پاس نہیں رکھی جاتی ہے۔سپریو نے کہا، ‘ مختلف قوانین میں طےشدہ پروسیس کے مطابق اہل  افسروں کی اجازت سے مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے پیڑوں کو کاٹا جاتا ہے۔ حالانکہ، جنگل کی آگ کی وجہ سے تباہ ہوئے پیڑوں کے بارے  میں وزارت کے پاس اعداد و شمار نہیں ہیں۔ ‘

وزارت ماحولیات کے ذریعے پچھلے پانچ سالوں میں پیڑ کاٹنے کے لئے دی گئی اجازت کے اعداد و شمار (سورس  : لوک سبھا)

وزارت ماحولیات کے ذریعے پچھلے پانچ سالوں میں پیڑ کاٹنے کے لئے دی گئی اجازت کے اعداد و شمار (سورس  : لوک سبھا)

حکومت کے ذریعے ایوان میں دئے گئے اعداد و شمار کے مطابق؛ سال 2014-15 میں 23.30 لاکھ، سال 2015-16 میں 16.90 لاکھ، سال 2016-17 میں 17.01 لاکھ اور سال 2017-18 میں 25.50 لاکھ پیڑوں کو کاٹنے کی اجازت وزارت ماحولیات کے ذریعے دی گئی تھی۔سپریو نے بتایا کہ پچھلے چار سال میں 12 ریاستوں کو گرین انڈیا مشن کے تحت 87113.86 ہیکٹر زمین پر پیڑ لگانے  کے لئے 237.07 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔

اس کے علاوہ National Afforestation Programme  این اے پی  کے تحت، گزشتہ  چار سالوں (2015-16 سے 2018-19) کے دوران ریاستوں کو 94828 ہیکٹر کے نئے علاقے پر پودے لگانے کے لئے 328.90 کروڑ روپے کی رقم جاری کی گئی ہے۔

وہیں، کانگریس نے پچھلے پانچ سالوں میں پیڑ کاٹے جانے کے سوال پر ماحولیات کے وزیرمملکت بابل سپریو کی طرف سے لوک سبھا میں دیےایک تحریری  جواب کا حوالہ دیتے ہوئے گزشتہ سنیچر کو الزام لگایا کہ مودی حکومت نے ایک کروڑ سے زیادہ پیڑ کٹواکر ملک کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔

پارٹی کے اہم ترجمان رندیپ سرجیوالا نے ٹوئٹ کیا، ‘ پیڑ زندگی ہے۔ پیڑ آکسیجن دیتے ہیں۔ پیڑ کاربن ڈائی  آکسائڈ سوکھتے ہیں۔ پیڑ ماحولیات کے محافظ ہیں۔ لیکن مودی حکومت نے 5 سال میں 10975844 پیڑ کٹوا ڈالے۔ ‘انہوں نے سوال کیا، ‘ کیا مودی حکومت مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے؟ ‘ حالانکہ گزشتہ جمعہ کو لوک سبھا میں سوالوں کے جواب میں سپریو نے کہا تھا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے ایک پیڑ کاٹے جانے کی حالت میں اس کے بدلے کئی پودے لگائے جاتے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)