خبریں

اتر پردیش: ہندوؤں کو مبینہ نان ویج بریانی پروسنے پر 43 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج

مہوبا ضلع‎ میں چرکھاری کوتوالی حلقہ کے سالٹ گاؤں میں عرس کے دوران بریانی پروسنے کی وجہ سے کشیدگی۔ ایف آئی گاؤں میں پولیس اہلکار تعینات۔ چرکھاری کوتوالی کے انچارج انسپکٹر نے بتایا کہ 23 نامزد اور 20 نامعلوم مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

(فوٹو بہ شکریہ : indiarailinfo)

(فوٹو بہ شکریہ : indiarailinfo)

نئی دہلی: اتر پردیش کے مہوبا ضلع کی چرکھاری کوتوالی حلقہ کے سالٹ گاؤں میں عرس کے دوران ہندوؤں کو مبینہ طور پر نان ویج بریانی پروسنے کے معاملے میں 43 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیاہے۔ پولیس نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔ افسروں نے بتایا کہ سالٹ گاؤں میں 31 اگست کو شیخ پیر بابا کا عرس منعقد کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایم ایل اے برج بھوشن راجپوت کی شکایت کے بعد پولیس نے بدھ کو 43 لوگوں کے خلاف کئی دفعات میں مقدمہ درج کیا۔

راجپوت نے باندا میں صحافیوں سے کہا، ‘ ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لئے جان بوجھ کر بریانی پروسی گئی۔ اس معاملے میں سخت کارروائی ضروری ہے۔ ‘ پولیس سپرنٹنڈنٹ سوامی ناتھ نے ایم ایل اے کی بات سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات صحیح نہیں ہے کہ جان بوجھ کر ہندوؤں کو نان ویج بریانی پروسی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

ادھر، چرکھاری کوتوالی کے انچارج انسپکٹر انوپ دوبے نے جمعرات کو بتایا کہ اس معاملے میں 23 کو نامزد اور 20 نامعلوم مسلمانوں کے خلاف کئی سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حالانکہ ابھی کسی ملزم کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے، معاملے کی تفتیش چل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا؟ ‘ دو کمیونٹی کے درمیان کشیدگی کو دیکھتے ہوئے گاؤں میں بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ ‘

اس سے پہلے دوبے نے منگل کو بتایا تھا، ‘ شیخ کلو نامی ایک شخص نے سنیچر کو شیخ پیر بابا کی درگاہ میں ایک جلسے کا انعقاد کیا تھا۔ جلسےمیں پوڑی-سبزی کے علاوہ نان ویج بریانی بھی بنی تھی۔ لوگوں نے اپنی مرضی کے مطابق کھانا کھایا تھا۔ ہندو کمیونٹی کے کچھ لوگوں نے بھی بریانی کھائی تھی۔ ‘ انہوں نے بتایا تھا، ‘ سوموار کو اطلاع ملی کہ بریانی کھانے والے کچھ ہندو شیخ کلو پر مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگاکر پنچایت کر رہے ہیں اور اس پر مذہبی طہارت کے لئے 50 ہزار روپے وصولنے اور پورے گاؤں کو ویج کھانا کھلانے کا دباؤ بنا رہے ہیں۔ ‘

دوبے نے بتایا، ‘ اس اطلاع پر وہ پولیس فورس کے ساتھ پنچایت کی جگہ  پر پہنچے اور اس دوران لوگوں نے مرضی سے بریانی کھانے کی بات قبول کی تھی۔ اس دوران دونوں فریق کی آپسی رضامندی سے معاملے کو ختم کرا دیا گیا۔ دوبے نے کہا کہ اس معاملے نے طول تب پکڑا، جب علاقائی بی جے پی ایم ایل اے منگل کو سالٹ گاؤں کے دورے پر پہنچے اور کچھ لوگوں نے ان کے سامنے مبینہ طور پر دھوکے سے نان ویج بریانی کھلانے کا مدعا اٹھایا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)