این ڈی اے گٹھ بندھن کی پارٹی آر پی آئی کے صدر اور مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے چھوٹا راجن کے بھائی دیپک نکالجے کو مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں امیدوار بنایا ہے۔ وہ ستارا ضلع کی فلٹن سیٹ سے انتخاب لڑیںگے۔ اس کو انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن کا گڑھ مانا جاتا ہے۔
نئی دہلی: مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن کے بھائی دیپک نکالجے کو بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے نے اپنا امیدوار بنایا ہے اور وہ ستارا ضلع کی فلٹن سیٹ سے انتخاب لڑیںگے۔ بتا دیں کہ گرفتاری کے بعد خودسپردگی سے متعلق معاہدے کے تحت ہندوستان لایا گیا ۔چھوٹا راجن فی الحال جیل میں بند ہے۔ فلٹن کو چھوٹا راجن کا گڑھ مانا جاتا ہے۔
این ڈی اے گٹھ بندھن کی پارٹی ری پبلکن پارٹی آف انڈیا (آر پی آئی) کے صدر مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے نکالجے کو اپنی پارٹی کا امیدوار بنایا ہے۔ نکالجے نے اٹھاولے کی پارٹی سے 2004، 2009 اور 2014 میں چیمبور سیٹ سے لوک سبھا انتخاب لڑا تھا لیکن اب سیٹ بٹوارے کے تحت یہ سیٹ شیوسینا کو چلی گئی ہے۔
2009 لوک سبھا انتخاب کے دوران الیکشن کمیشن کو دیے حلف نامہ کے مطابق، نکالجے کے پاس 4 کروڑ کی جائیداد اور 500 اسکوائر فٹ کے بنگلہ کا انکشاف کیا تھا۔ گزشتہ سال 2018 میں نکالجے کے خلاف ایک 22 سالہ لڑکی سے ریپ اور جنسی استحصال کا کیس درج ہوا تھا۔ آر پی آئی کے ایک سینئر رہنما نے کہا، ‘ اس بار انہوں نے فلٹن سے انتخاب لڑنے کی خواہش ظاہر کی کیونکہ وہ اس علاقے سے آتے ہیں اور ان کا وہاں اچھا رابطہ ہے۔ ‘
این ڈی اے میں آر پی آئی کو چھ سیٹیں دی گئی ہیں۔ بدھ کو پارٹی نے اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا۔ آر پی آئی مغربی مہاراشٹر کے علاوہ سولاپور ضلع کے مالشیرس، ناندیڑ ضلع کے بھنڈارا اور نیگانوں، پربھنی میں پاتھری اور ممبئی میں مان خرد-شیواجی شہر سیٹ سے اپنے امیدوار اتارےگی۔
مہاراشٹر میں اسمبلی کی کل 288 سیٹیں ہیں۔ بی جے پی نے اب تک 125 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ وہیں شیوسینا کے کھاتے میں 124 سیٹیں گئی ہیں اور اس نے اپنے 70 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
بتا دیں کہ، 2014 میں مہاراشٹر اسمبلی کی 288 اسمبلی سیٹوں کے لئے ہوئے انتخابات میں بی جے پی نے 122 سیٹیں، شیوسینا نے 63 سیٹیں، کانگریس نے 42 سیٹیں اور این سی پی نے 41 سیٹیں حاصل کی تھیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں