خبریں

سی بی ڈی ٹی افسر نے چیئر مین پر لگایا الزام، کہا-اپوزیشن رہنما پر کارروائی کر کے عہدے کو یقینی بنایا

سی بی ڈی ٹی چیئر مین پرمود چندر مودی پر سنگین الزام لگاتے ہوئے خاتون ٹیکس افسر الکا تیاگی نے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، وزیر اعظم دفتر، سی وی سی اور کابینہ سکریٹری کو گزشتہ  جون میں خط لکھا تھا۔ حالانکہ، شکایت کے دو مہینے بعد حکومت نے مودی کی مدت کار ایک سال کے لئے بڑھا دی جبکہ تیاگی کا ناگپور ٹرانسفر کر دیا۔

سی بی ڈی ٹی چیئر مین پرمود چندر مودی۔ (فوٹو : ٹوئٹر)

سی بی ڈی ٹی چیئر مین پرمود چندر مودی۔ (فوٹو : ٹوئٹر)

نئی دہلی: سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس(سی بی ڈی ٹی)کی ایک خاتون افسر نے مودی حکومت کے دوسری باراقتدار میں آنے کے ایک مہینے بعد گزشتہ  جون میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کو خط لکھ‌کر سی بی ڈی ٹی چیئر مین پرمود چندر مودی کے خلاف چونکانے والے الزام لگائے ہیں۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، 21 جون کو وزیر خزانہ کو لکھے اپنے خط میں الکا تیاگی نے سی بی ڈی ٹی چیئر مین پرمود چندر مودی پر ایک حساس معاملے کو بند کرنے کے لئے چونکانے والی ہدایت دینے کا الزام لگایا ہے۔ اس دوران وہ ممبئی میں انکم ٹیکس چیف کمشنر (یونٹ 2) کے عہدے پر تھیں۔

اس کے ساتھ ہی اپنے خط میں تیاگی نے دعویٰ کیا کہ مودی نے مرکزی ٹیکس بورڈ کے چیئرمین  کے طور پر اپنے اعلیٰ عہدے کو صرف اس لئے محفوظ کر لیا کیونکہ انہوں نے ایک اپوزیشن  رہنما کے خلاف کارروائی کرنے میں کامیابی حاصل کی۔تیاگی کے 9 صفحے کے شکایتی خط سے پتہ چلتا ہے کہ مودی نے ان پر زبردست دباؤ ڈالا تھا۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے تقریباً ایک جیسی شکایت پی ایم او، سی وی سی اور کابینہ سکریٹری کو بھیجی ہے۔

اسی مہینے تیاگی کے دفتر میں چوری ہوئی تھی، انہوں نے اس کی تحریری شکایت اپنے سینئر پرنسپل چیف کمشنر ایس کے گپتا سے کی تھی۔1984 بیچ کی آئی آر ایس افسر تیاگی نے الزام لگایا ہے کہ ان کے خلاف سی وی سی  کے ایک پرانے معاملے کو مودی نے دوبارہ کھول دیا اور انہوں نے اس کا استعمال ان کی پوسٹنگ کو روکنے میں بلیک میل کرنے کے لئے کیا۔ حالانکہ، اس سے پہلے مودی نے اس معاملے کو خود خارج کر دیا تھا اور کلین چٹ دی تھی۔

اس شکایت کے دو مہینے بعد حکومت نے مودی کی مدت کار ایک سال کے لئے بڑھا دی۔وہیں، محکمہ انکم ٹیکس میں پرنسپل چیف کمشنر کی تقرری کا انتظار کر رہی تیاگی کو ناگپور میں نیشنل اکیڈمی آف ڈائریکٹ ٹیکسیس کی چیف انکم ٹیکس ڈائریکٹر جنرل (تربیت)بنا دیا گیا۔

تیاگی کی شکایت میں کئی طرح کی بدانتظامی کا ذکر ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ کیسے سی بی ڈی ٹی چیئر مین نے لگاتار تیاگی کو سنگین الزامات سے جڑے ایک حساس معاملے میں جاری کارروائی  کو روکنے کے لئے کہا۔اس شکایت میں تیاگی نے الزام لگایا کہ مودی نے ان کے سامنے قبول کیاہے کہ اپوزیشن  کے ایک رہنما کے خلاف ان کی رہنمائی میں چلائے گئے ایک کامیاب چھاپے کی وجہ سے ان کا سی بی ڈی ٹی چیئر مین کا عہدہ یقینی ہوا۔